• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرشی شلوار ٹرینڈ، ماریہ بی اور ایچ ایس وائے آمنے سامنے

تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصاویر بشکریہ سوشل میڈیا

کیا فرشی شلوار ہر کسی کے لیے موزوں ہے؟ معروف ڈیزائنر ماریہ بی اور ایچ ایس وائے اس معاملے پر آمنے سامنے آگئے ہیں، دونوں کے بیانات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

پاکستانی فیشن انڈسٹری میں آئے دن نت نئے فیشن کے رجحانات متعارف ہوتے رہتے ہیں اور حالیہ دنوں میں فرشی شلوار کا ٹرینڈ سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے۔ 

مختلف فیشن برانڈز کی نئی کلیکشنز میں یہ خاص لباس شامل کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر لڑکیاں اور بلاگرز بھی اس پر مختلف تبصرے کر رہی ہیں۔

حال ہی میں پاکستان کی مشہور فیشن ڈیزائنر Maria B نے فرشی پر اپنی رائے دی، جس کے بعد معروف ڈیزائنر HSY نے اس پر اختلافی مؤقف پیش کیا۔ دونوں ڈیزائنرز کی آراء نے فیشن کے شوقین افراد کے درمیان ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔

Maria B نے ایک تفصیلی ویڈیو میں وضاحت کی کہ فرشی شلوار ہر کسی کے لیے مناسب نہیں ہے، بلکہ یہ مخصوص باڈی ٹائپ پر زیادہ خوبصورت لگتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ فرشی شلوار ہر کسی پر جچتی نہیں ہے، مثال کے طور پر میں اپنی ٹین ایج بیٹی پر یہ لباس پسند کروں گی، لیکن میں خود اسے ہر وقت پہننا پسند نہیں کروں گی کیونکہ میری عمر 45 سال سے زیادہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ فیشن لمبی اور دبلی لڑکیوں پر زیادہ اچھا لگتا ہے، جبکہ چھوٹے قد یا بھری ہوئی جسامت والی خواتین کے لیے زیادہ موزوں نہیں ہوتا۔

HSY نے Maria B سے اختلاف کرتے ہوئے فرشی شلوار کو ہر خاتون کے لیے بہترین قرار دیا۔

پاکستانی ڈیزائنر HSY نے کہا کہ یہ فیشن ہر خاتون کے لیے موزوں ہے اور پاکستانی ثقافت کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہر خاتون کو فرشی شلوار ضرور سلوانی چاہیے، کیونکہ یہ ایک خوبصورت اور روایتی انداز کی ہے، پاکستان میں خواتین مختلف پس منظر سے آتی ہیں، کچھ جدید اور کچھ روایتی لباس پسند کرتی ہیں، لیکن ایک چیز سب میں مشترکہ ہے کہ وہ سب باوقار انداز میں خوبصورت لگنا چاہتی ہیں، فرشی شلوار ان کے لیے ایک مناسب اور اسٹائلش آپشن ہے۔

HSY نے مزید وضاحت کی کہ فرشی شلوار کو صرف چھوٹے کرتے کے ساتھ پہننے کی شرط نہیں ہے، بلکہ یہ لمبے کرتوں کے ساتھ بھی بہترین لگتی ہے، بھاری جسامت والی خواتین بھی اسے لمبے کٹس والے کرتے کے ساتھ پہن سکتی ہیں اور خوبصورت لگ سکتی ہیں۔

HSY اور Maria B کے متضاد بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے بھی اپنی آراء کا اظہار کرنا شروع کر دیا ہے۔

کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ Maria B کی بات درست ہے کیونکہ فرشی شلوار کا فیشن عملی نہیں ہے اور یہ چند مہینے بعد ختم ہو جائے گا، جبکہ کچھ لوگوں نے HSY کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ یہ پاکستانی خواتین کے لیے ایک باوقار اور خوبصورت لباس ہے جو ہر کسی کو پہننا چاہیے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید