کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی واٹر کارپوریشن کے چیف انجینئر بلک اینڈ ڈسٹری بیوشن ظفر پلیجو نے شاہراہ فیصل پر واٹر کارپوریشن ہیڈ آفس کے پانی کے کنکشن لینے کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا جبکہ دوسری جانب ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا ہے کسی پٹرول پمپ کو کوئی کنکشن نہیں دیا گیا چیف انجینئر ظفر پلیجو نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں متعلقہ ایکسن سے کنکشن سے متعلق تمام رپورٹ طلب کر لی ہے ایکسئن سے کہا ہے کہ وہ سائٹ پر جا کر لائنوں کے لئے کھودی گئی جگہ کا معائنہ کریں اس کے ساتھ متعلقہ پٹرول پمپ سےاس سے پہلے دئے گئے کنکشن کو بھی چیک کریں انہوں نے کہا کہ میں ادارے کے کسی افسر کے زبانی بیان کے بجائےاصل حقائق پر مبنی رپورٹ تیارکرکے ایم ڈی کو بھیجوں گا دریں اثنا ترجمان واٹرکارپوریشن نے میڈیا پر کنیکشن دینے والے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہےکہ پیٹرول پمپ کارساز پر کوئی بھی غیر قانونی کنیکشن نہیں دیا گیا کیونکہ اس حوالے سے سپرینٹنڈنٹگ انجینئر واٹر ٹرنک مین (ڈبلیو ٹی ایم) تنویر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ کارساز روٹ پر ڈبلیو ٹی ایم کا کوئی بھی سسٹم موجود نہیں ہے مذکورہ پیٹرول پمپ کو ضروریات کے مطابق پہلے سے پانی فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرول پمپ مالکان نے واٹر ٹینک سے فوارے اور گرین بیلٹ پانی پہنچانے کے لیے کھدائی کی اور پائپ لگائے تھے جس سے واٹر کارپوریشن کا کوئی بھی تعلق نہیں ہے۔