ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی آئندہ 2 ورلڈ کپ کوالیفائر میچز میں اپنی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ان کو مسل انجری کے باعث 25 رکنی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
فٹبال کلب کے مطابق 37 سالہ میسی کا ایم آر آئی اسکین کیا گیا تاکہ ان کی تکلیف کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکے، جو ان کو اٹلانٹا یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں محسوس کی گئی تھی، بعد ازاں تصدیق ہوئی کہ میسی کو معمولی نوعیت کی انجری ہوئی ہے۔
8 مرتبہ کے بیلن ڈی اور جیتنے والے میسی اس سیزن میں متعدد انجریز کا شکار رہے ہیں، مارچ میں ہی وہ 3 میچز سے محروم رہے اور جمعرات کو واپسی کی، لیکن اتوار کو ایک اور انجری نے انہیں دوبارہ باہر کر دیا۔
ارجنٹینا جو جنوبی امریکا کے 10 رکنی کوالیفائنگ گروپ میں سرِفہرست ہے، جمعے کو یوراگوئے اور 4 دن بعد برازیل کے خلاف میچ کھیلے گا۔
یہ چیلنج مزید سخت ہو سکتا ہے کیونکہ میسی کے ساتھ ساتھ جیوانی لو سیلسو، پاؤلو ڈیبالا اور گونزالو مونٹیئل بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔