• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راکیش روشن نے سر منڈوانے کی وجہ بتادی

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر راکیش روشن کئی دہائیوں سے گنجے نظر آ رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے اپنے سر کے بال کیوں منڈوائے اسکے کے بارے میں انکشاف کیا۔

ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 75 سالہ سابق اداکار نے کہا کہ سر منڈوانے کی وجہ منت مانی تھی کہ اگر میری فلم کامیاب ہو گئی تو میں سر منڈوا دوں گا اور پھر ہمیشہ ایسے ہی رکھوں گا۔

انکا کہنا تھا کہ 1987 کی فلم خودغرض میری بطور اداکار ہدایت کار اور پروڈیوسر آخری امید تھی۔ اگر وہ فلم ناکام ہوجاتی تو آج میں یہاں نہ بیٹھا ہوتا۔ میں نے عہد کیا تھا کہ اگر یہ فلم ہٹ ہوئی تو میں اپنا سر منڈوا دوں گا۔ فلم کامیاب ہو گئی لیکن میں ایسا نہیں کر سکا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پھر رات کو نیند نہیں آئی کیونکہ میں اپنی منت پوری نہیں کر پایا تھا۔ اگلے دن میں نے حجام کو بلایا، وہ ایک گھنٹے تک میرے سامنے بیٹھا رہا اور میں سوچتا رہا کہ یہ کرنا چاہیے یا نہیں۔ آخرکار میں نے بال کٹوا ہی دیے۔

راکیش روشن پچھلے کچھ دنوں سے پھر خبروں میں ہیں کیونکہ انہوں نے "کرش 4" کی ہدایت کاری سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔

انکا کہنا ہے کہ وہ دن آنا ہی تھا جب مجھے یہ ذمہ داری آگے بڑھانی تھی۔ بہتر ہے کہ میں یہ اس وقت کروں جب میں مکمل ہوش و حواس میں ہوں، تاکہ میں پروجیکٹ پر نظر رکھ سکوں اور دیکھ سکوں کہ وہ صحیح کام کر رہا ہے یا نہیں۔ 

انٹرٹینمنٹ سے مزید