کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری صحت سندھ نے امور کی انجام دہی میں تاخیر پر سیکشن آفیسر سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت حال ہی میں کامیاب ہونے والے اسٹاف نرسز کو آفر لیٹر جاری کرنے میں مبینہ رشوت وصولی کے لئے تاخیری حربے کے استعمال پر سیکشن آفیسر اوم پرکاش سے وضاحت طلب کی گئی ہے ۔ اس ضمن میں جاری لیٹر کے مطابق مشاہدے میں آیا ہے کہ آپ اعلیٰ حکام کو فائلیں جمع کرانے میں تاخیر سے کام لے رہے ہیں جواحکامات کی عدم تعمیل ہے جبکہ غفلت کا یہ عمل مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتا ہے، اس لئے آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ دو دنوں میں اپنی پوزیشن واضح کریں، بصورت دیگر آپ کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔