کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ، حفیظ پاشا نےکہا ہے کہ فروری کے توازن ادائیگی کے اعداد و شمار دیکھ کر پریشانی میں اضافہ ہوا ہے،سینئر صحافی و تجزیہ کار، مجیب الرحمٰن شامی نے کہا کہ ادارے بھی راستہ نہیں دے رہے لیکن تحریک انصاف بھی کوئی راستہ لینا نہیں چاہ رہی، تجزیہ کار، منیب فاروق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جو فیصلے کئے گئے ہیں وہ بڑے حیران کن ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی اہمیت اسٹیبلشمنٹ کی نظر میں نہیں رہی۔ اسٹیبلشمنٹ ان کو خاطر میں نہیں لارہی۔سابق وزیر خزانہ، حفیظ پاشا نےکہا کہ فروری کے توازن ادائیگی کے اعداد و شمار دیکھ کر پریشانی میں اضافہ ہوا ہے۔ فنانشل اکاؤنٹ میں بہت مسائل ہیں۔ قرضوں کے نیٹ انفلوز کا ہدف دس ارب ڈالر ہے مشکل سے چار ارب ڈالر آئے ہیں۔اسی وجہ سے آئی ایم ایف نے اپنا اسٹاف لان ایگریمنٹ زیر التوا کردیا ہے۔گزشتہ سال زرعی شعبے میں اچھے حالات تھے اس سال کپاس کی فصل بہت کم ہوئی ہے ۔گندم کی آنے والی فصل بھی شاید بہت کم ہو۔خطرہ موجود ہے کہ زرعی شعبہ منفی چلا جائے گا۔شرح نمو کو بڑھانے کے امکانات اس وقت بہت کم ہیں۔فروری کے مہینے میں برآمدات میں کمی آئی ہے۔درآمدات پر پابندی سے بھی صنعتی پیداوار متاثر ہورہی ہے۔اپٹما کے مطابق ٹیکسٹائل کی 100 فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں۔اصلاحات ایجنڈا پر سختی سے عملدرآمد نہیں کیاگیا ہے۔