• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکیورٹی چیف کی برطرفی، اسرائیلی کابینہ کی نیتن یاہو کے فیصلے کی توثیق

رونن بار — فائل فوٹو
رونن بار — فائل فوٹو

اسرائیلی کابینہ نے داخلی سیکیورٹی ایجنسی شن بیت کے سربراہ رونن بار کی برطرفی کے وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے فیصلے کی توثیق کر دی

اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے داخلی سیکیورٹی چیف رونن بار کو عدم اعتماد کی وجہ سے برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے حماس کے 7 اکتوبر 2023ء کو ہونے والے حملے کا اندازہ لگانے میں ناکامی پر قومی سلامتی کی سروس کے سربراہ رونن بار کو برطرف کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رونن بار پر مبینہ طور پر ایک غیر ملکی اخبار کو خفیہ دستاویز لیک کرنے کا الزام بھی تھا۔

اسرائیلی کابینہ نے گزشتہ روز رونن بار کی برطرفی کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی، جس کے بعد شن بیت کے سربراہ 20 اپریل کو اپنے عہدے سے برطرف ہو جائیں گے۔ 

انہیں اکتوبر 2021ء میں شن بیت کے سربراہ کے طور پر 5 سالہ مدت کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم نے گزشتہ اتوار کو ویڈیو پیغام کے ذریعے شن بیت کے سربراہ رونن بار کو عدم اعتماد کی وجہ سے برطرف کرنے کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں رونن بار نے اپنی برطرفی کے احکامات کو ماننے سے انکار کر دیا تھا اور کہا تھا کہ نیتن یاہو کی ذاتی وفاداری کی خواہش اسرائیلی مفادات کے خلاف ہے۔

اسرائیلی وزیرِاعظم کے اس اقدام نے اسرائیلی عوام میں غم و غصے کو جنم دیا ہے اور یروشلم میں حکومت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید