• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ حکومت کی وجہ سے پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کو حقوق ملنے کی توقعات بڑھ گئی ہیں، کامران خان

سمندر پار پاکستانیون کی فاؤنڈیشن بورڈ (او پی ایف) کے رکن اور چیئرمین ایجوکیشن کمیٹی محمد کامران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ اوورسیز پاکستانیوں کو حقیقی جمہوری اور قانونی سطح پر حقوق ملنے کی توقعات بڑھ گئی ہے جس کی وجہ موجودہ حکومت کا وژن اور مثبت سوچ ہے۔

پاکستان بزنس فورم سلاؤ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دی گئی افطار ڈنر سے خطاب کر تے ہوئے انھوں نے کہا حکومت سمیت ارباب و اختیار کا ایک صفحے پر اکٹھا ہونا اور مسائل پر بات چیت کرنا ایک اہم قدم ہے اور آج اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کےلیے تمام اداروں میں اوورسیز پاکستانی ہی کمان سنبھالے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے افضال بھٹی اور سید قمر رضا دن رات سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرداں ہیں، اوور سیز کےلیے اسپیشل کورٹ ایئر پورٹس پر اسپیشل ڈیسک نیب اور ایف آئی اے کے ساتھ ایم او یو یہ سب اوورسیز کی فلاح و بہبود کے لیے کیا گیا ہے۔

افطار ڈنر سے بزنس فورم کے چیئرمین قیصر چیچی، چوہدری علی راجگاڑیہ،  چوہدری سجاد، سید تسنیم شاہ، منور چیچی، فیصل چیچی اور وقار ملک نے بھی خطاب کیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔

ان شخصیات نے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے ہمارا ملک محفوظ ہے اور اسی کی وجہ سے ہم باوقار ہیں۔ ہمیں ایک قوم بن کر اپنے ملک پاکستان اور اپنے اداروں کے پیچھے کھڑا ہونا ہے تاکہ اپنے ملک کو مضبوط کرسکیں۔

اس موقع پر معروف نعت خواں سید نور حسین شاہ نے نعت رسول مقبولﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جبکہ معروف دینی و سماجی شخصیت حضرت نعیم نقشبندی نے ملک و قوم اور پاک فوج کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید