ٹک ٹاکر و کونٹینٹ کری ایٹر سحر مرزا کی والدہ نے بیٹی کی شادی کو ایک سال مکمل ہونے پر انکشاف کیا ہے کہ ان کا خاندان آج تک اپنے داماد سے نہیں ملا ہے۔
ٹک ٹاک کی دنیا کی معروف بہنوں علشبہ انجم اور جنت مرزا نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں اپنی والدہ اور خالہ کے ہمراہ شرکت کی۔
شو کے دوران دلچسپ موضوعات پر بات ہوئی اور میزبان ندا یاسر نے اپنی مہمانوں سے متعدد سوالات کیے۔
ایک سوال کے جواب میں جنت مرزا، علشبہ انجم اور سحر مرزا کی والدہ نے بتایا کہ ہمارے گھر میں پہلی شادی سحر کی ہوئی تھی، سحر کے رشتے کا فیصلہ سب نے مل کر کیا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ہمارا داماد بہت اچھا ہے مگر ہم آج تک اپنے داماد سے روبرو ملے نہیں۔
اس پر شو کی میزبان ندا یاسر دنگ رہ گئیں۔
سحر مرزا کی والدہ نے تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے داماد کی فیملی پاکستان میں رہتی ہے، داماد کے والدین باقاعدہ رشتہ لے کر آئے تھے، ہم نے رشتہ طے کیا مگر ویزا نہ ملنے کے سبب ہمارا داماد نہ ہمیں ملنے آ سکا اور نہ ہی شادی میں شریک ہو سکا۔
مزید سوال کے جواب میں سحر مرزا کی والدہ نے بتایا کہ ہم نے بیٹی کی شادی کے لیے تمام تقریبات کا اہتمام کیا تھا، بڑی دھوم دھام سے آن لائن شادی کی اور بیٹی کو رخصت کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے داماد جب بھی پاکستان آئیں گے ایک بار پھر سے شادی کی تمام تقریبات کو دہرایا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال فروری میں سحر مرزا نے عالیشان تقریبات کے دوران بیرونِ ملک، برطانیہ میں موجود اپنے دولہا سے آن لائن نکاح کیا تھا۔
سحر مرزا کو اس وقت خوب تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب مہندی، مایوں، ڈھولکی، بالی ووڈ نائٹ سمیت متعدد تقریبات کے بعد جب سوشل میڈیا صارفین کو نکاح کے روز معلوم ہوا کہ سحر مرزا کا دولہا پاکستان میں موجود نہیں اور وہ آن لائن نکاح کریں گی۔
صارفین کی جانب سے کی جانے والی سخت تنقید کا سحر مرزا نے جواب بھی دیا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں صرف اتنا کہوں گی کہ یہ تقریبات صرف میری طرف سے تھیں، لڑکے والوں کی طرف سے نہیں، نکاح ہوا ہے میرا، نکاح کے بعد مجھے رخصتی کرنی تھی، اپنے شوہر کے پاس جانا تھا، اپنے ہی گھر نہیں رہنا تھا۔
ٹک ٹاکر نے لکھا تھا کہ جب میرے شوہر آئیں گے، تو ہم اس سے بھی بڑے پیمانے پر تقریبات کریں گے۔