• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’جو جیتا وہی سکندر‘ کے بدتمیز اداکاروں کو نکال کر دوبارہ شوٹنگ کی گئی، عامر کا انکشاف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ انکی فلم جو جیتا وہی سکندر کی شوٹنگ ایک مرتبہ نہیں بلکہ دو مرتبہ ہوئی۔ 

مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے اپنے کیریئر میں کئی سپر ہٹ اور کلاسک فلمیں دی ہیں۔ حال ہی میں فلم انڈسٹری میں اپنے 40 سال مکمل ہونے کے موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ ’جو جیتا وہی سکندر‘ کی شوٹنگ سب سے زیادہ تکلیف دہ رہی۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران عامر کا کہنا تھا کہ فلم جو جیتا وہی سکندر کو دو مرتبہ فلمایا گیا تھا۔ 

انکا کہنا تھا کہ ’یہ بہت تکلیف دہ تھا، وہ فلم دو دفعہ بنی۔ پہلی دفعہ ہم نے کوڈائی اور اوٹی میں 60 سے 70 دن تک شوٹنگ کی، پھر میں دوسری فلم میں مصروف ہوگیا۔ دو ماہ بعد منصور کا فون آیا اور کہا کہ دیویکا کا کردار کام نہیں کر رہا۔‘

عامر خان نے وضاحت کی کہ ابتدائی طور پر دیویکا کا کردار پوجا بیدی کو نہیں بلکہ کسی اور اداکارہ کو دیا گیا، لیکن فلم کے ڈائریکٹر منصور خان نے بعد میں مانا کہ کاسٹنگ میں غلطی ہوئی۔

انکا کہنا تھا کہ ’جو اداکارہ لی گئی تھی وہ بہت اچھی انسان تھی لیکن فلم کو جو ایک چھوٹی سی سونوبش (نخریلی) لڑکی چاہیے تھی، وہ احساس نہیں آ رہا تھا۔ اس لیے منصور نے فیصلہ کیا کہ تمام سین دوبارہ شوٹ کیے جائیں۔‘

عامر خان کے مطابق فلم میں دیویکا کا کردار 40 فیصد تھا جبکہ 40 فیصد عائشہ جھلکا کے ساتھ تھا اور باقی 20 فیصد دیگر کاسٹ پر مشتمل تھا۔

عامر خان نے مزید بتایا کہ فلم کے باقی 20 فیصدر میں چار اداکار شامل تھے، جو بہت بدتمیز تھے اور پوری ٹیم کو پریشان کر رہے تھے۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا، ’میں ان کا نام نہیں لوں گا، لیکن وہ بہت بدتمیز تھے۔ ہمیں بہت تکلیف دے رہے تھے۔ میں نے منصور سے کہا کہ اگر ہم 80 فیصد فلم دوبارہ بنا رہے ہیں، تو یہ 20 فیصد بھی دوبارہ شوٹ کرلیتے ہیں۔‘ 

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے عامر نے کہا کہ چنانچہ پوری فلم دوبارہ شوٹ کی گئی، پوری کاسٹ بدل گئی، صرف میں، میری سائیکل اور مامک نہیں بدلے۔ فلم بنانے میں بہت تکلیف ہوئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید