• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ﷲ پر مضبوط ایمان نے میری زندگی بدلی: جاوید شیخ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستان کے نامور اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر جاوید شیخ کا شمار ان چند فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی فنی صلاحیتوں سے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں بے مثال مقام حاصل کیا۔ 

جاوید شیخ نے حال ہی میں نجی ٹی وی کی رمضان نشریات میں شرکت کی،  اس موقع پر انہوں نے اپنی زندگی کے سب سے سخت دور کے بارے میں کھل کر بات کی اور بتایا کہ ﷲ پر غیر متزلزل ایمان نے کس طرح انہیں مشکلات سے نکالا۔

جاوید شیخ نے بتایا کہ یہ تقریباً 25 سال پہلے کی بات ہے، یعنی 2000ء کے آس پاس میری بنائی گئی تمام فلمیں فلاپ ہو گئیں، میرے پاس کوئی کام نہیں تھا اور ہر طرف سے لوگ میرے خلاف ہو گئے تھے، لوگ کہتے تھے کہ جاوید شیخ ختم ہو چکا ہے، اسے اب کراچی واپس چلے جانا چاہیے، فلم انڈسٹری کے لوگوں نے مجھ سے منہ موڑ لیا تھا اور ہر کوئی میرے زوال کی باتیں کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا یہ میری زندگی کا سب سے برا دور تھا، میں چاہتا تو مایوس ہو کر سب کچھ چھوڑ دیتا، میں ڈپریشن کا شکار ہو سکتا تھا، لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، میں نے وحید مراد کو بھی ایسے ہی برے حالات میں ڈپریشن کا شکار ہوتے دیکھا تھا، لیکن میں نے فیصلہ کیا کہ میں خود کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑوں گا۔

جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ میں نے اسٹوڈیو جانا نہیں چھوڑا، روز وہاں جاتا، دوستوں سے ملتا، حالانکہ کوئی کام نہیں تھا، میں نے لوگوں کی باتوں کو نظر انداز کیا اور خدا پر بھروسہ رکھا، مجھے یقین تھا کہ ﷲ میری مدد کرے گا۔

جاوید شیخ نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پھر ایک دن اللّٰہ نے میری تقدیر بدل دی، ایک فنانسر اسٹوڈیو آیا اور اس نے مجھ سے کہا کہ وہ میری اگلی فلم کے لیے 5 کروڑ روپے دینے کے لیے تیار ہے، میں حیران رہ گیا، یہ واقعی ﷲ کی قدرت تھی! ﷲ اکبر!"

انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے وہ فلم بنائی اور وہ سپر ہٹ ثابت ہوئی، وہی لوگ جو میرے خلاف باتیں کر رہے تھے، وہی لوگ بعد میں مجھ سے ٹکٹ مانگنے آئے، لیکن میں نے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا۔

اداکار کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ کا ﷲ پر پختہ یقین ہو تو مشکلات جتنی بھی بڑی کیوں نہ ہوں، ﷲ آپ کے لیے راستے کھول دیتا ہے، بس ثابت قدم رہیں اور ہمت نہ ہاریں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید