ملتان (سٹاف رپورٹر) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں وزیر اعلی کسان کارڈ کے فیز ون کے ریکوری امور کے علاوہ کسان کارڈ فیز ٹو کے میکنائزم کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کسان کارڈ کا پروگرام پنجاب کے زرعی شعبہ کی ترقی و کسانوں کی خوشحالی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کسان کارڈ کے دوسرے مرحلہ کے لیے ساڑھے سات لاکھ کسانوں کے لئے 75 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جائے گی۔اس کے علاوہ کسان کارڈ کے ذریعے دیگر زرعی مداخل کی خرید کے ساتھ ڈیزل کی خریداری بھی ممکن بنائی جائے گی۔30فیصد کیش اور 25فیصد ڈیزل کی سہولت بھی کسان کارڈ ہولڈر کو میسر ہو گی۔صوبائی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیزل کی سہولت کی فراہمی کے لیے پی ایس او کے 1866پٹرول پیمپس رجسٹرڈ ہو گئے ہیں جبکہ پورے پنجاب میں 3250مارچنٹس کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کسان کارڈ کے فیز ون کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے کاشتکاروں کو آگاہ کرنے کیلئے سوشل میڈیا کے ذریعے پیغامات بھجوانے کی ضرورت ہے۔