برطانیہ کی کونٹری سٹی کا بڑا ایوارڈ سٹی کونسل کونٹری کے ڈپٹی لیڈر کونسلر عبدالسلام خان کو دے دیا گیا۔ اسلامی باہمی ہم آہنگی قائم کرنے اور اپنے کردار سے باہمی رشتوں کی مضبوطی پر کام کرنے پر انھیں ایوارڈ سے نوازا گیا۔
2007 سے لوکل گورنمنٹ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے اور 15 سال تک شہر کی کابینہ کے رکن اور 2015 سے کونسل کے ڈپٹی لیڈر رہنے والے عبدالسلام کو گولڈ میڈل ملا تو تمام کمیونیٹیز کے لوگ خوشی سے جھوم اٹھے۔
عبدالسلام جو مختلف کمیونٹیز کی شمولیت اور احترام کے لیے گہری وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہمارے شہر کی طاقت اس کے تنوع میں مضمر ہے، انھوں نے دنیا بھر میں شہر کی نمائندگی کی ہے اور اپنے شہر کو اجاگر کیا۔
شہر کی ترقی میں بھرپور جدوجہد کی، کونٹری سٹی کیونکہ برطانیہ کا مرکزی شہر ہے اس کو امن اور مفاہمت کے شہر کے طور پر آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا اور تمام کمیونیٹیز کو دوستی کی طرف لانے کی ترغیب دیتے رہے۔
عبدلسلام نے ایوارڈ ملنے کے بعد کہا کہ یہ ایوارڈ انکی سیاسی زندگی اور کمیونٹی کے ساتھ گہری وابستگی کے طور پر دیا گیا ہے، میں اپنے رب کا مشکور ہوں جس نے میری محنت اور خدمات کو تقویت بخشی اور میں آج گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہوں۔
انھوں کہا یہ میڈل جہاں میری خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے وہاں میری کمیونٹی کا بھی اعزاز ہے، مجھے کونٹری سٹی پر بھی فخر ہے کیونکہ کونٹری سٹی کونسل نے مجھے اس قابل بنایا کہ میں دن رات محنت کرتا رہا۔
کونٹری سٹی کونسل مجھے اور میرے کام کو سراہتی رہی میری خواہش اور تمنا ہے کہ ہم سب اسی محنت اور لگن سے کام کرتے رہیں تاکہ کونٹری اور کمیونٹی امن خوشحالی اور ترقی کی طرف آگے بڑھتی رہے۔