• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راج کپور نے مجھے اور ندیم کو اپنی فلم میں کام کی پیشکش کی تھی، ممتاز

پاکستانی فلموں کی ماضی کی معروف اداکارہ ممتاز کا کہنا ہے کہ انھوں نے  پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کو فلموں کی ویڈیوز بھجوائی ہیں، وہ فلم انڈسٹری کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔

ان خیلات کا اظہار ممتاز نے مصطفیٰ قریشی کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر فنکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرفلم اسٹار سنگیتا، سابق وزیر پیر مظہر الحق ، صدر آرٹس کو نسل احمد شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے انکشاف کیا کہ بالی ووڈ کے لیجنڈ فلم ڈائریکٹر راج کپور نے مجھے اور ندیم کو ایک فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی تھی، تمام چیزیں طے ہوگئی تھیں۔ نامور کوریوگرافر سروج خان بھی پاکستان آگئیں تھیں۔ 

ممتاز نے مزید بتایا کہ ندیم کے ساتھ ہمارے گانوں کی ریہرسل بھی ہوئیں، مگر بعد میں اُس وقت کے حکمرانوں نے ہمیں بھارت جانے سے منع کردیا تھا، تو اس فلم میں ہم کام نہیں کرسکے اوراب میں دیکھتی ہوں کہ ہمارے کئی فنکاروں نے بالی ووڈ کی فلموں میں عمدہ کام کیا، خاص طور پر ماہرہ خان نے پاکستان فلم انڈسٹری کی شان میں اضافہ کیا۔

انھوں نے کہا مجھے ان پر فخر ہے، وہ بالی ووڈ کے سب سے بڑے سپر اسٹار شاہ رخ کے ساتھ بطور ہیروئن کام کرکے آئی ہیں۔

اپنی گفتگو میں لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی کا کہنا تھا ہے کہ پاکستانی فلم صنعت انتہائی زبوں حالی اور کسمپرسی کا شکار ہے۔ فلمی صنعت تباہ ہو گئی ہے، فلمیں نہ بننے کی وجہ سے سنیما بند ہو گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے ملک بھر میں فلمی صنعت سے وابستہ ہزاروں افراد بے روزگاری کا شکار ہیں۔ 

صدر آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت مصطفیٰ قریشی کی تجویز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے فلمی صنعت فعال ہو سکتی ہے۔ 

سابق وزیر پیر مظہرالحق نے کہا کہ سندھ حکومت فلمی صنعت کی بحالی کے لیے نیف ڈیک کی طرز پر صوبے میں سیف ڈیک بنائے۔ 

ڈاکٹر ہما میر نے تقریب کے میزبان مصطفیٰ قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید