اسلام آباد میں آئی جے پی روڈ پر تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے وین اور ركشے میں سوار 4 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے، ڈمپر الٹنے سے کئی گاڑیاں زد میں آئیں۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباداور چیف ٹریفک آفیسر جائےحادثہ پر پہنچے۔حادثے میں 4 افراد جاں بحق 4 زخمی ہوئے تھے، جاں بحق افراد میں 3 مرد، ایک 15 سال کی لڑکی شامل ہے۔
ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ ڈمپر کنٹرول سے باہر ہونے پر رکشے کے اوپر گرگیا، حادثے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ڈمپر ڈرائیور کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت کی دعا کی اور ان کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، جبکہ زخمی افراد کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔