• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک نے ایکس کو اپنی ہی اے آئی کمپنی کو بیچ دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

دنیا کے امیر ترین شخص اور مشہور کاروباری شخصیت ایلون مسک نے 44 ارب ڈالرز میں خریدے گئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کو  33 ارب ڈالرز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کمپنی کو فروخت کردیا۔

ایلون مسک نے 2022ء میں ایکس کو خریدا تھا اور اب انہوں نے اسے اپنی ہی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کمپنی ایکس اے آئی کو 33 ارب ڈالرز میں بیچ دیا۔ 

حیران کن طور پر انہوں نے اپنی ہی کمپنی کو دوبارہ خرید لیا ہے، جس پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

ایلون مسک نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ایکس اور ایکس اے آئی کا مستقبل آپس میں مربوط ہے اور ہم ڈیٹا، ماڈلز اور دیگر عوامل کو اکٹھا کرنے کے عمل میں مصروف ہیں۔

ایلون مسک نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ مشترکہ کمپنی اربوں لوگوں کے لیے ذہانت اور بامقصد تجربے کا سبب بنے گی۔

ایکس اور ایکس اے آئی دونوں کمپنیاں نجی ملکیت میں ہیں، اس لیے ان کی مالی لین دین کے معاملات کو عوامی سطح پر ظاہر نہیں کیا جائے گا، انضمام کے بعد ایکس اے آئی کی مجموعی قدر 80 ارب ڈالرز جبکہ ایکس کی 33 ارب ڈالرز ہوگی۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے 2023ء میں ایکس اے آئی کی بنیاد رکھی تھی اور آج یہ کمپنی دنیا کی بڑی اے آئی کمپنیوں میں شامل ہو چکی ہے، جو جدید ماڈلز اور ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر میں مصروف ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید