بریڈفورڈ میں عیدالفطر جوش و خروش سے منائی گئی۔ اس سال بریڈفورڈ کو ’’سٹی آف کلچر‘‘ کا اعزاز ملنے کے باعث شہر عالمی توجہ کا مرکز رہا۔
مختلف مساجد میں عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جنہیں بی بی سی سمیت عالمی میڈیا نے کوریج دی۔ ہزاروں مسلمانوں نے نمازِ عید ادا کی اور رمضان کی عبادات کی قبولیت کی دعا کی۔
نماز کے بعد لوگ ایک دوسرے سے گلے ملے، مبارکبادیں دیں اور خوشیاں بانٹیں۔
اس موقع پر ایم پی عمران حسین کی رہائش گاہ پر ایک عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں کونسل لیڈر سمیت کمیونٹی کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں عمران حسین نے عید کی اہمیت اور کمیونٹی میں یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں دنیا بھر کے ان افراد کو بھی یاد رکھنے کا درس دیتا ہے جو غربت اور ناانصافی کا شکار ہیں۔
عید کی خوشیوں کے ساتھ لوگوں نے اپنے مرحوم عزیزوں کو بھی یاد کیا۔ بڑی تعداد میں افراد قبرستان گئے، فاتحہ خوانی کی اور اپنے پیاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کیں۔