عید کا موقع تو ہوتا ہی خوشیاں بانٹنے کے لیے ہے، اس موقع پر دعوت میں مہمانوں کی تواضع خاص روایتی اور مزیدار کھانوں بالخصوص میٹھے پکوان سے کی جاتی ہے اسی لیے عیدالفطر کو میٹھی عید بھی کہتے ہیں۔
عید الفطر روزے داروں کے لیے اللّٰہ تعالی کا انعام، خوشیوں، مسرّتوں کا دوسرا نام ہے، اس روز چہار سُو خوشیوں کے رنگ ہی رنگ بِکھرے نظر آتے ہیں، کہیں مہندی کی خوشبو، کہیں چوڑیوں کی کھنکھناہٹ، تو کہیں زرق برس ملبوسات اور عید کے خاص الخاص پکوان، شیر خورمے اور سویوں کی بھینی بھینی خوشبو پھیلی ہوئی ہوتی ہے۔
تہوار کے اس موقع پر دعوتوں کا خاص اہتمام تو ہر گھر میں ہی ہوتا ہے۔
عید کی کوئی بھی خوشی میٹھے کے بغیر ناممکن ہے، تو آئیے! امسال عید کے اس پُر مسرت مو قعے پر عزیز واقارب کی دعوت میں ہم آپ کی کچھ مدد کر دیں۔
کچھ لذیذ میٹھے پکوان کی تراکیب ذیل میں آپ کو بتا رہے ہیں، انہیں آزما کر عید کا مزہ اور خوشیاں دو بالا کریں۔
اجزاء: سوئیاں 4 کپ، دودھ 1 کلو، چھورے 7 سے 8 عدد باریک کاٹ لیں، بادام 10 عدد، پستے 10 عدد، سیاہ کشمش 1/2 کپ، گھی 2 کھانے کے چمچ، ہری الائچی 6 عدد، لونگ 4 عدد، چینی حسبِ ذائقہ, کیوڑا خوشبو کے لیے۔
ترکیب: سب سے پہلے دودھ گرم کریں اور اس میں چینی ملا کے اچھی طرح پکا لیں کہ وہ خوب گاڑھا ہوجائے جب گاڑھا ہو جائے تو اس میں چھوارے ڈال کے کچھ دیر مزید پکائیں اور آنچ دھیمی کر دیں۔
دوسرے چولہے پر ایک برتن میں گھی شامل کریں، پھر سبز الائچی اور لونگ شامل کر کے تھوڑی دیر پکائیں کہ خوشبو آنے لگے، اس کے بعد بادام، پستہ شامل کریں اور انہیں ہلکا سا فرائی کر کے اس مکسچر کو ایک طرف رکھ دیں۔
اب ایک پین لیں اس میں سوئیوں کو ہاتھوں کی مدد سے کچل کر اس پین میں ڈال کے گولڈن براؤن ہونے تک پکائیں، اب اس میں سیاہ کشمش شامل کریں اور درمیانی آنچ پر پکائیں۔
اس مرکب میں چھوروں کے ساتھ پکا ہوا دودھ، بادام اور پستے شامل کریں اور تھوڑی دیر تک پکائیں کہ سوئیاں اچھی طرح پک جائیں، پھر خوشبو کے لیے تھوڑا کیوڑا شامل کر کے 20 منٹ تک پکائیں، مزے دار شیر خرما تیار ہیں۔
اجزاء: سویاں 1 کلو، تیل حسبِ ضرورت، چینی حسبِ پسند، پسی ہوئی چھوٹی الائچی 4 عدد، پستہ، بادام اور ناریل 2، 2 کھانے کے چمچ، زعفران یا زرد رنگ تھوڑا سا۔
ترکیب: چینی میں 2 کپ پانی ڈال کر شیرہ پکا لیں، پھر زردے کا رنگ یا پسی ہوئی زعفران ڈال کر چمچہ چلائیں اور اتار لیں۔
تیل میں الائچی گرم کر کے سویاں بھون لیں، اب شیرہ ڈال کر سویاں پکائی، پانی خشک ہو جائے تو دم پر رکھ دیں، پستہ بادام اور ناریل اوپر سے سجا کر سرو کریں۔
اجزاء: چاول 1 کپ، چینی 1 کپ، چھوٹی الائچی 3 عدد، بادام 6 عدد، پستہ 6 عدد، ناریل، گھی 3 چمچ۔
ترکیب: چاول دو کنی ابال کر پانی اتار کر رکھ لیں، گھی کو گرم کریں اور چینی ڈال کر 1/2 کپ دودھ کا ڈال دیں جب چاشنی ایک تار کی طرح ہو جائے تو چاول ڈال کر مکس کریں بعد میں تمام میوہ ڈال کر 15 منٹ کے لیے دم پر رکھیں، چاول ابالتے وقت 1/2 چائے کا چمچ زردہ رنگ ڈال دیں، میوہ بھی تھوڑہ سا بادام وغیرہ کیساتھ ڈالنا نہ بھولیں، لیجیے گرما گرم زردہ تیار ہے۔
اجزاء: دودھ 1- 1/2 لیٹر، چینی 2 کپ، فریش کریم 1 کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور 3 کھانے کے چمچ، لال جیلی 1 پیکٹ، پیلی جیلی 1 پیکٹ، ہری جیلی 1 پیکٹ، ابلی ہوئی رنگین سوئیاں 1 کپ، آم 2 عدد، کیلے 4 عدد، سیب 3 عدد، انگور 1 کپ، آڑو 1 عدد، پستے، بادام 1 کپ۔
ترکیب: ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔
دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کے اُبلنے کے لیے رکھ دیں, جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو کارن فلور یا کسٹرڈ کے مکسچر کو گرم دودھ میں شامل کر لیں اور اس دوران مسلسل چمچہ چلاتی رہیں اور اتنا پکائیں کہ کسٹرڈ گاڑھا ہو جائے۔
پھر اس کو ٹھنڈا کر لیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں پھر اس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ دیں۔
جیلی کو بنا کر جما لیں اور جمنے کے بعد کیوب کی شکل میں کاٹ لیں۔
سارے پھلوں کو چھیل کر کاٹ لیں، پھر ایک پیالے میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سویاں ڈال کے اوپر کسٹرڈ ڈال دیں، پھر پستے، بادام سے سجا کر ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔