وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کا پروگرام جاری ہے، 6 ماہ کے دوران 3 ہزار سے زائد چلڈرن ہارٹ سرجریز ہوئیں جو کہ ایک ریکارڈ بن گیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ برطانوی ڈاکٹروں کی ٹیم نے فیصل آباد کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں بچوں کی ہارٹ سرجریز کیں، چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 7436 مریض بچوں کی رجسٹریشن ہو چکی ہے، جس سے دوسرے صوبوں کے بچے بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا ہے سندھ، بلوچستان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے مریض بچوں کی مفت سرجریز کی جا رہی ہیں، خیبر پختون خوا کے 316 مریض بچوں کی پنجاب کے اسپتالوں میں مفت سرجریز ہوں گی، سندھ کے 51، بلوچستان کے 11 بچوں کی ہارٹ سرجریز کے لیے رجسٹریشن کرائی گئی، آزاد کشمیر کے158 بچوں اور گلگت بلتستان کے 30 بچوں کی ہارٹ سرجریز ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں 2419 اور پرائیویٹ اسپتالوں میں 743 آپریشن ہوئے، چلڈرن ہارٹ سرجریز اور علاج کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کر رہی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ بچوں کی تکلیف برداشت نہیں، ہارٹ سرجری کے اخراجات حکومت دے گی، حکومت کے وسائل پر پہلا حق بچوں کا ہے، میرے لیے سب اپنے بچوں جیسے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا ہے کہ پیدائشی امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کا علاج ممکن حد تک جَلد اور مفت ہو گا۔