کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹر اس قدر بے اعتمادی کا شکار ہوچکے ہیں کہ لگتا ہے بیٹرز بیٹنگ اور بولرز بولنگ ہی بھول چکے ہیں ۔ ٹیم کی ایک اور خراب کارکردگی کے باعث نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ون ڈے سیریز بھی جیت لی۔ 292 کے جواب میں گرین شرٹس 208 پر ہمت ہار گئے۔ بولنگ کیلئے ساز گار پچ پر پاکستانی بولر نیوزی لینڈ کو بڑا اسکور بنانے سے نہ روک سکے۔ بیٹنگ میں بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان آغا، امام الحق اور عبداللہ شفیق ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔ کیویز نے بدھ کو سڈن پارک ہیملٹن میں دوسرا ون ڈے انٹر نیشنل84 رنز سے جیت کر سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ آخری میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔ وکٹ کیپر مچل ہے نے پہلی نصف سنچری اسکور کی اور78 گیندوں پر99ناقابل شکست رنز بنائے اور چار کیچ لئے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس گرائونڈ پر نیوزی لینڈ نے36 میں سے 26 واں میچ جیتا ہے۔ کیویز نے8 وکٹ پر292 رنز بنائے۔ جواب میں بارہویں اوور میں32 رنز پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔ فہیم اشرف اور کن کشن متبادل نسیم شاہ کی نصف سنچریوں نے پاکستان کو 208رنز بنانے میں مدد دی۔ مسلسل دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم پچاس اوورز کھیلنے میں ناکام رہی۔41.2 اوورز میں آئوٹ ہوگئی۔ فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے نویں وکٹ پر 60 رنز بنائے۔ ان دونوں نے اپنے ون ڈے کیریئرز کی پہلی نصف سنچریاں بنائیں۔ فہیم اشرف 73 رنز80 گیندوں پر تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے بنائے جبکہ نسیم شاہ 44گیندوں پر چار چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بین سیئرز نے 59رنز دے کر 5اور جیکب ڈفی نے35 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ قبل ازیں محمد رضوان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 29 مارچ کو پہلے ون ڈے میں بھی انہوں نے نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی ۔ ایک موقع پر نیوزی لینڈ کے 132 رنز پر پانچ وکٹ گرچکے تھے ، مچل ہے اور محد ارسلان عباس نے ٹیم کو سہارا دیا۔ پاکستانی نژاد محمد ارسلان عباس نے 66 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ نک کیلی 31،ہنری نکلس 22، مائیکل بریسویل نے17رنز بنائے۔32 رنز ایکسٹراز تھے۔ اسپنر سفیان مقیم نے 10 اوورز میں 33 اور محمد وسیم نے78رنز دے کر دو،دو جبکہ فہیم اشرف نے46، عاکف جاوید نے48 اور حارث رؤف نے75رنز دے کر ایک ایک وکٹ لیا ۔293 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عبداللہ شفیق ، امام الحق ،بابراعظم ،محمد رضوان اور سلمان علی آغا بالترتیب ایک ، تین ، ایک پانچ اور نو رنز بناسکے۔ طیب طاہر اور فہیم اشرف نے اسکور بورڈ کو کچھ حد تک سنبھالا ، طیب طاہر 13 رنز بناکر چلتے بنے ۔ محمد وسیم ایک رنز بناسکے ۔ فاسٹ بولر حارث رؤف تین رنز کے افرادی اسکور پر بیٹنگ کر رہے تھے جب انھیں ہیلمٹ پر گیند لگنے کے بعد گراؤنڈ سے باہر جانا پڑا۔ نسیم ان کے متبادل کے طور پر بیٹنگ کیلئے آئے۔ عاکف جاوید بھی 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔