اسلام آباد(نمائندہ جنگ/ایجنسیاں ) کنٹرول لائن پر پاک بھارت افواج میں گولہ باری کا تبادلہ ‘دونوں جانب سے شہریوں کا بڑی تعداد میں انخلاء ‘ بلااشتعال بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے بھارتی ناظم الامور کو بدھ کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا جبکہ برطانیہ ‘ترکی اور جرمنی سمیت عالمی برادری نے پاکستان اور بھارت سے اپیل کی ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں متعدد مقامات پر بلا اشتعال بھارتی حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے بھارتی ناظم الامور کو بدھ کو دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ بھارت کی جارحیت کی کھلم کھلا کارروائی پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔ اس طرح کے اقدامات اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قانون اور بین ریاستی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے قائم کردہ اصولوں کے منافی ہیں۔ادھر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ کشیدگی تشویش کا باعث ہے۔بدھ کو ایک بیان میں ان کا کہناتھاکہ برطانوی حکومت انڈیا اور پاکستان پر زور دے رہی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور آگے بڑھنے کا تیز اور سفارتی راستہ تلاش کرنے کے لئے براہ راست بات چیت کریں۔