• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو ‎ایک عہد ساز شخصیت

تحریر… سید خورشید احمد شاہ
رکن قومی اسمبلی
‎ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سحر انگیز شخصیت اور اُن کے بے مثال کارناموں کی بدولت اُن کے سیاسی حریف بھی ان کی عظیم خدمات کے معترف ہیں۔ اُن کے عظیم کارناموں میں ایک کارنامہ یہ بھی تھا کہ انہوں نے جمہوری سیاست کو آمرانہ، جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ تسلط سے نکال کر عوام کی دہلیز پر لا کھڑا کیا اور یہ وہ کارنامہ ہے جسے صدیوں تک نہ تو بھلایا جا سکتا ہے اور نہ مٹایا جا سکتا ہے۔ ہماری جمہوری تاریخ کے ماتھے پر آج یہ بات سنہری حروف سے لکھی ہے کہ اس ملک کو عوام کی حکمرانی کا تحفہ دینے والا اور عوام کو طاقت کا سرچشمہ بنانے والا صرف اور صرف ذوالفقار علی بھٹو ہی تھا۔ تاریخ اس بات کی بھی گواہ ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے عوام کی خاطر پھانسی کا پھندا قبول کر لیا مگر عوام کے حقوق کی قیمت پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور پھر تاریخ نے یہ بھی دیکھا کہ ذوالفقار علی بھٹو ملک کی سب سے بڑی عدالت سے بھی سرخرو ہوگئے اور عدالتِ عظمی نے بھی تسلیم کیا کہ آمریت کے زیر سایہ اُس وقت کے نظام عدل نے ذوالفقار علی بھٹو کیس میں نہ تو عدل کے تقاضے پورے کئے اور نہ قائد عوام سے عدل و انصاف کا برتاؤ روا رکھا۔ مگر عوام پر جابرانہ نظام مسلط کرنے والا آمر تاریخ کے سیاہ اوراق میں گُم ہوگیا اور عوام کیلئے جان کی قربانی دینے والا قائدِ عوام تاریخ میں ہمیشہ کیلئے جاوداں ہو گیا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو، اُن کے آئین اور اُن کی جمہوریت کے پیروکار ہیں۔ مجھے بطور پاکستان پیپلز پارٹی کے ورکر کے ہمیشہ یہ فخر رہا ہے کہ عوام کے حقوق اور جمہوریت کے لئے آواز سر بلند کرنے والا اور عوام کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والا ہمارا اولین اور عظیم رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو ہے۔ آج کا عہد، جمہوریت اور جمہوری اقدار کا عہد ہے اور یہ عہد قائد عوام کے جمہوری وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ اس وژن کی بدولت ماضی کے آمریت پسند بھی آج جمہوریت کا پرچم تھامے عوام کی دہلیز پر کھڑے ہیں۔ آج اگر طاقت کے ایوان عوام کی دسترس میں ہیں تو اس کا کریڈٹ بھی قائد عوام کو جاتا ہے جنہوں نے اقتدار ماضی کے مطلق العنان آمروں کے شکنجے سے نکال کر عوام کی جھولی میں ڈالا۔ ‎پاکستان کو پاک چائینہ دوستی، ایٹمی قوت، پاکستان اسٹیل مل، اسلامی ملکوں کی سربراہی، ایئروناٹیکل کمپلیکس کا تحفہ بھی شہید بھٹو نے دیا۔ میں پورے اعتماد سے کہتا ہوں کہ بھٹو شہید جیسا لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتا ہے جو زندہ رہ کر بھی عوام کے دل کی دھڑکن رہا اور جان دے کر بھی عوام کے دلوں میں امر ہے۔ قائد عوام کے برعکس بندوق کی طاقت پر عوام پر جابرانہ تسلط قائم کرنے والا ضیاالحق آج تاریخ کے سیاہ اوراق میں گم ہو چکا ہے۔ ‎بھٹو شہید کے یوم پیدائش کے موقع پر ہم فخر سے یہ بات کہہ رہے ہیں کہ انہوں نے عوام کے حقوق ، جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے ضیا الحق جیسے ڈکٹیٹر کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے اپنی ذات پر قید و بند، تشدد اور پھانسی کا پھندا بھی برداشت کیا مگر عوام کو وہ شعور وہ نظام اور وہ وژن دے گئے جو آج بھی زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ذوالفقار علی بھٹو جانتے تھے کہ ملک و قوم کی توقیر اور ترقی اَئین کی پاسداری اور جمہوریت کی توقیر میں مضمر ہے اور اگر ہم جمہوریت کو اس کی روح کے مطابق اپنا لیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم اقوام عالم میں اعلیٰ مقام حاصل نہ کر سکیں۔ جمہوریت میں مسائل کا حل ڈائیلاگ ہے اور اس کے برعکس افراتفری اور تشدد آمریت کا راستہ ہے۔ اس لئے قائد عوام نے ہمیشہ ڈائیلاگ کا راستہ اپنایا اور سیاست میں معاملہ فہمی اور لچک پر زور دیا۔انہوں نے جمہوریت کو اس ملک کی اساس قرار دیا اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام کیا اور اس اساس کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو کا مقام مسلمہ ہے اس مقام کو کسی طرح بھی داغدار نہیں کیا جا سکتا۔ اس ملک میں اَئین، جمہوریت اور ایٹمی قوت کا معمار ذوالفقار علی بھٹو ہے اور ان کا یہ مقام ان سے کوئی نہیں چھین سکتا۔ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں اور ملک کیلئے ان کے عظیم خدمات کی بدولت ہی استعماری قوتیں اُن کی جان کی دشمن بن گئیں اور ان کی ذات سے بے رحم دشمنی کے دستاویزی ثبوت اب تاریخ کا حصہ ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو سچے اورمخلص انسان تھے اور یہی وجہ ہے کہ وہ قانون کی سب سے بڑی عدالت سے بھی سرخرو ہوگئے اور عوام پر جابرانہ تسلط قائم کرنے والا آمر تاریخ کے سیاہ اوراق میں گم ہوگیا۔ذوالفقار علی بھٹو کی قربانی تاریخ کا ناقابل فراموش واقعہ ہے اور وہ اپنی عظیم جدوجہد اور قربانی کی بدولت ہماری موجودہ اور آئندہ نسلوں کے ساتھ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ انہوں نے ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور عوام کیلئے جان قربان کرنے والے تاریخ میں ہمیشہ کیلئے جاوداں ہو جاتے ہیں۔ہمیں فخر ہے کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو، اُن کے آئین اور اُن کی جمہوریت کے پیروکار ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ بھٹو کے دیئے ہوئے نظام اور وژن کی بدولت ہم کامیابیوں کی آخری منزل تک پہنچیں گے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں ہم ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی بصیرت کی روشنی میں وطن عزیز کو دنیا کے خوشحال، مضبوط اور مستحکم ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں گے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی عظیم قربانی کا دن صرف پیپلز پارٹی اور اس کے کارکنوں کیلئے ہی فخر کا دن نہیں بلکہ یہ ہر جمہوریت، امن اور ترقی پسند کیلئے یادگار دن ہے۔ ہم آج اپنے عظیم قائد جناب ذوالفقار علی بھٹو کو وطن اور جمہوریت کیلئے ان کی عظیم خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم ان کے مشن کی تکمیل کیلئے عوام کے شانہ بشانہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور جمہوریت کے برعکس کسی نظام پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
ملک بھر سے سے مزید