چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کو انصاف ملنے تک جنوبی ایشیاء میں دیرپا خوش حالی اور پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔
یورپی یونین کے ہیڈکوارٹرز برسلز میں یورپی پریس کلب میں کشمیر کونسل ای یو کے زیرِ اہتمام بین الاقوامی ویمن کانفرنس منعقد کی گئی جس میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس کے مقررین نے کشمیری خواتین کے خلاف بھارتی ظلم و ستم پر عالمی برادری کی خاموشی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں خواتین پر ہونے والے مظالم کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔
کانفرنس کے مقررین میں چیئرمین کشمیر کونسل یورپ علی رضا سید، یورپی خاتون ایلا فاروقی، کشمیری خاتون اسکالر آمنہ اقبال سردار اور نوجوان کشمیری دانشور وصی سید شامل تھے۔
کانفرنس کی نظامت کے فرائض انسانی حقوق کی فعال کارکن نوین قیوم نے انجام دیے۔
مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج منظم طریقے سے خواتین کو اپنے ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہیں، 1991ء میں کُنن پوشپورہ میں خواتین کے خلاف اجتماعی زیادتی کا واقعہ اور 2009ء میں آسیہ اور نیلوفر کا بہیمانہ قتل جیسے دردناک واقعات آج بھی کشمیری قوم کے زخم تازہ کر دیتے ہیں، لیکن اب تک متاثرین کو انصاف نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ یہ واقعات کوئی معمولی واقعات نہیں بلکہ ایک منظم اور بھیانک ریاستی پالیسی کا حصہ ہیں جس کے تحت خواتین کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں ان مظالم کو بارہا اجاگر کر چکی ہیں، مگر بھارتی فورسز کو مکمل استثنیٰ حاصل ہے۔
مقررین نے کہا کہ ہم ان مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے عالمی فورموں پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
کانفرنس میں 30 سے زائد خواتین نے شرکت کی، جنہوں نے کشمیری خواتین کے حق میں آواز بلند کی اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ نے کی کوشش کی۔
شرکاء کا کہنا ہے کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری کشمیری خواتین سمیت کشمیریوں پر مظالم کے بارے میں اپنی خاموشی توڑے، مظالم بند کروائے اور انسانی حقوق کے علمبردار خرم پرویز اور اہم کشمیری سیاسی رہنما یاسین ملک سمیت تمام کشمیری اسیران کو رہا کیا جائے۔
چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ امن کا تعلق انصاف سے ہے اور جب تک کشمیریوں کو انصاف نہیں مل جاتا اس وقت تک جنوبی ایشیاء کے پورے خطے میں دیرپا خوش حالی اور پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا، کشمیریوں کی دیرینہ خواہش ہے کہ خطے میں مستقل امن قائم ہو اور خطے کے عوام خوش حال زندگی بسر کریں۔
انہوں نے آخر میں تمام مقررین، شرکاء اور بالخصوص کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے کشمیر کونسل ای یو کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس اہم تقریب کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔