فرانس میں پاکستانی سفیر محترمہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔
گزشتہ روز فرانسیسی اخبارات میں شائع ہونے والے ممتاز زہرہ بلوچ کے انٹرویو کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان صورتِ حال انتہائی خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ بھارت پُرتشدد بیان بازی کا استعمال کر رہا ہے، اس نے اپنی فوج کو چوکس کر دیا۔ اس نے اپنے لوگوں سے وعدہ کیا کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے گا۔
لوک میتھڈ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کے اعلان کے مطابق آج (بدھ کو) عام شہریوں کے لیے دفاعی مشقیں ہوں گی۔ ان مشقوں کا مقصد ہوائی حملے کے انتباہات کی جانچ کرنا، شہریوں اور طلبہ کو حفاظتی تربیت دینا، اہم بنیادی ڈھانچے کےلیے چھلاورن کے نظام کو تیار کرنا اور ہنگامی خدمات کی تاثیر کو جانچنا ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، اس خطے میں 7 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی تعینات ہیں۔ بھارت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے آزاد ماہرین سے پہلگام واقعے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کردیا۔