پاکستان کی معروف اداکارائیں اُشنا شاہ اور نادیہ خان کا یوٹیوبرز کے اقدام پر پر کڑا ردعمل سامنے آگیا۔
اُشنا شاہ اور نادیہ خان حال ہی میں سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بڑھتی تنقید اور اداکاروں کے خلاف مسلسل منفی پراپیگنڈے پر پھٹ پڑیں۔
نادیہ خان کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے اُشنا شاہ نے کہا کہ ہم خاموش اس لیے ہوگئے ہیں کیونکہ ہمیں سب سے زیادہ خوف اپنی ہی عوام سے ہے، یوٹیوبرز اور کانٹینٹ کریئیٹرز ہماری غلطیوں سے روزی کما رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میں یہاں بیٹھ کر کہوں کہ میرے جوتے تنگ ہیں تو وہ اسے یوں پیش کریں گے جیسے کسی نے مجھ پر جوتا پھینک دیا ہو، پھر وہ عجیب آواز میں ویڈیو بنائیں گے، خوفناک تھمب نیلز لگائیں گے اور اداکاروں کو نیچا دکھا کر پیسے کمائیں گے۔
اداکارہ نے یوٹیوبرز کی نقل اتار کر میزبانوں کو حیران کردیا اور وہ اپنی ہنسی پر قابو نہ رکھ سکے۔
اُشنا شاہ کا کہنا ہے کہ اس رویے کی وجہ سے اداکاروں کو اپنی آراء دینے سے روک دیا گیا ہے، یہاں تک کہ وہ اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مزاحیہ گفتگو کرنے سے بھی کترانے لگے ہیں۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ ہم نے بات چیت بند کردی ہے، ہم نے مذاق کرنا چھوڑ دیا ہے کیونکہ ہر لفظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے۔
نادیہ خان نے اُشنا شاہ کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ یہ رجحان واقعی تشویشناک ہے اور اس کا اثر پوری شوبز انڈسٹری پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے 90ء کی دہائی کے زمانے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اُس وقت زیادہ صبر تھا، لوگ ایک دوسرے کی بات سننے کا حوصلہ رکھتے تھے، اداکار اپنی ذاتی آراء اور خیالات کھل کر بیان کرتے تھے اور کوئی منفی طوفان نہیں اٹھتا تھا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج کل اگر کوئی مثبت بات کریں تو وہ کبھی وائرل نہیں ہوتی، لیکن اگر کسی کی کوئی غلطی ہو جائے یا منفی بیان دے تو فوراً ہر طرف اس کا چرچا ہوتا ہے۔