پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے کہا ہے کہ ہم نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا تھا کہ سازش والی بات کہاں سے آئی ہے؟
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں گفتگو کے دوران عاطف خان نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے پارلیمانی پارٹی کو ٹکٹس کی تقسیم پر اعتماد میں لیا اور بانی پی ٹی آئی کا پیغام بھی دیا۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سب ایک ایک سیٹ پر الیکشن لڑیں گے، ہم 3 ارکان سے متعلق بانی پی ٹی آئی کی رائے تھی کہ ان کی مرکز میں ضروت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ اس وقت سینئر قیادت میں سے بہت سے لوگ پارٹی چھوڑ گئے تھے، ہمارے لیے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنا ضروری تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے جب جیل میں ملا تھا تو اس وقت انہوں نے یہی کہا تھا۔
عاطف خان نے یہ بھی کہا کہ ہم نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا کہ سازش والی بات کہاں سے آئی؟ تو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سازش جیسی کوئی بات نہیں کی۔
اُنہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر کے مطابق سازش کا لفظ نہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے کہا نہ میں نے علی امین سے کہا، اگر ایسے بیانات کا سلسلہ چلتا رہا تو چپقلش بڑھے گی گلے شکوے ہوں گے۔
عاطف خان نے صاف الفاظ میں کہا کہ ہمیں اپنی توجہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پر دینی چاہیے، مزید اس معاملے پر بیان نہیں دیں گے۔