• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وٹامن ڈی کی کمی کا آنتوں پر کیا اثر پڑتا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

وٹامن ڈی کی کمی کو اکثر انسانی جسم میں ہڈیوں کی کمزوری سے جوڑا جاتا ہے لیکن ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی سے انسان کی آنتیں بھی بہت بری طرح متاثر ہوتی ہیں۔

عمان میڈیکل جرنل میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق غیر متوقع طور پر واش روم کے چکر لگنا، کھانے کے بعد پیٹ کا پھولنا، پیٹ میں درد، گیس، قبض یا لوز موشن ہونا اور آنتوں میں سوزش بھی وٹامن ڈی کی کمی سے منسلک ہو سکتی ہے۔

محققین نے اس تحقیق کے لیے آئی بی ایس (ایسی بیماری جس میں معدے کی خرابی کی وجہ سے پیٹ میں درد، گیس، قبض یا اسہال ہونا) کے مریضوں اور صحت مند افراد کے درمیان وٹامن ڈی کی کمی کی شرح کا موازنہ کیا۔

اس تحقیق میں 60 آئی بی ایس کے مریض اور 100 صحت مند افراد شامل ہوئے جس کے نتائج کے مطابق آئی بی ایس کے مریضوں میں وٹامن ڈی کی کمی کا تناسب 82 فیصد تھا جبکہ صحت مند افراد میں یہ صرف 31 فیصد تھا جو اس بات کی طرف ایک واضح اشارہ ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی اور آئی بی ایس کے درمیان تعلق موجود ہے۔

اس کے علاوہ ’وٹامن ڈی، گٹ مائیکرو بائیوم اینڈ انفلیمیٹری باؤل ڈیزیز‘ کے عنوان سے ہونے والی ایک تحقیق میں وٹامن ڈی کی سطح، آنتوں کے بیکٹیریا (مائیکروبائیوم) اور آئی بی ڈی (آنتوں کی سوزش) کے درمیان تعلق کو جاننے کی کوشش کی گئی۔

اس تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ انسان کے مدافعتی نظام کو قابو کرنا اور آنتوں کی سالمیت کو برقرار رکھنے میں وٹامن ڈی کا اہم کردار ہے۔

اس حوالے سے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وٹامن ڈی مدافعتی نظام کے ردِعمل اور آنتوں کے بیکٹیریا کی متوازن حالت کا تعین کرتا ہے۔

ڈاکٹرز کا مزید کہنا ہے کہ وٹامن ڈی کی کمی بذات خود پیٹ پھولنے کا سبب نہیں بنتی لیکن اگر آنتوں میں مائیکروبائیوٹا کا توازن نہیں ہے جو کہ وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے ہو سکتا ہے تو پھر پیٹ پھول سکتا ہے۔

ڈاکٹرز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسی صورتِ حال میں جو لوگ وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ لیتے ہیں وہ اپنی حالت میں بہتری محسوس کرتے ہیں۔

صحت سے مزید