• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھنڈی، صحت کیلئے انتہائی مفید سبزی

بھنڈی ایک ذائقے دار سبزی ہے، جسے انگریزی میں ’اوکرا‘ یا ’لیڈی فنگر‘ کہا جاتا ہے، یہ ناصرف کھانے میں لذیذ ہوتی ہے بلکہ صحت کے اعتبار سے بھی بے شمار فوائد رکھتی ہے، اس کا استعمال عام طور پر سبزی، سالن یا تلی ہوئی شکل میں کیا جاتا ہے۔ 

بھنڈی کی خاص بات یہ ہے کہ یہ بہت جلد پک جاتی ہے اور اس میں موجود قدرتی لیس (چپچپاہٹ) کچھ پکوانوں میں گاڑھا پن پیدا کرنے کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔

صحت کے فوائد:

بھنڈی کیلوریز میں کم لیکن غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتی ہے، اس میں موجود وٹامن سی مدافعتی نظام کی صحت مند کارکردگی کو سپورٹ کرتا ہے۔

بھنڈی کے دیگر طبی فوائد درج ذیل ہیں:

کینسر سے بچاؤ:

اینٹی آکسیڈنٹس وہ قدرتی مرکبات ہوتے ہیں جو جسم کو ’فری ریڈیکلز‘ نامی نقصان دہ مالیکیولز سے بچاتے ہیں، یہ فری ریڈیکلز خلیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور آکسڈینٹیو نقصان کا باعث بنتے ہیں، جو آخرکار کینسر کی وجہ بن سکتا ہے۔

—فائل فوٹوز
—فائل فوٹوز

بھنڈی میں پولی فینولز نامی اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں، جن میں وٹامن اے اور سی شامل ہیں، اس میں ’لیکٹِن‘ نامی ایک پروٹین بھی پایا جاتا ہے، جو انسانی خلیوں میں کینسر کے بڑھاؤ کو روک سکتا ہے، کچھ تجربات میں بھنڈی کے مرکّز اجزاء نے چھاتی کے کینسر کے خلیات کی افزائش کو 63 فیصد تک کم کیا۔

دل اور دماغ کی صحت:

پولی فینولز بلڈ کلوٹس بننے اور فری ریڈیکلز سے ہونے والے نقصان کو کم کر کے دل کی بیماریوں اور فالج کے خطرے کو گھٹاتے ہیں، بھنڈی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس دماغ میں سوجن کو کم کر کے دماغی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔

شوگر کنٹرول کرنا:

مختلف مطالعات سے پتہ چلا ہے کہ بھنڈی خون میں شوگر کی سطح کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہو سکتی ہے، ماہرین کا ماننا ہے کہ بھنڈی ہاضمے کے دوران چینی کے جسم میں جذب ہونے سے روک سکتا ہے۔

غذائیت:

بھنڈی وٹامن اے اور سی کے ساتھ ساتھ اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے، جو کینسر، ذیابیطس، فالج اور دل کی بیماری جیسی سنگین طبی حالتوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

بھنڈی میگنیشیئم، فولیٹ، وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے، وٹامن بی 6 کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔

یہ تمام غذائی اجزاء جسم کے مختلف نظام جیسے مدافعتی نظام، دورانِ خون، ہڈیوں کی مضبوطی اور اعصابی نظام کی صحت کے لیے بہت اہم ہیں۔

صحت سے مزید