آپ کے گھر میں موجود عام سی بلیک پلاسٹک کافی مشین خاموشی سے آپ کی صحت کو تباہ کرسکتی ہے، ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ایسی کافی مشینیں جو سیاہ رنگ کے ری سائیکل پلاسٹک سے بنی ہوتی ہیں، ان میں ایسے کیمیکل شامل ہوتے ہیں جو کینسر کا سبب بن سکتے ہیں۔
کافی مشینز میں عام طور پر استعمال ہونے والا رنگ کاربن بلیک (Carbon Black) دراصل ری سائیکل شدہ پلاسٹک کو یکساں سیاہ رنگ دینے کے لیے شامل کیا جاتا ہے، لیکن تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اس رنگ میں کئی زہریلے مرکبات موجود ہوتے ہیں، خاص طور پر پولی سائکلک ایرومیٹک ہائیڈرو کاربنز (PAHs)، جو کہ کینسر پیدا کرنے والے مادے ہیں۔
عالمی ادارہ برائے تحقیق برائے کینسر (IARC) نے 2020ء میں کاربن بلیک کو کارسینوجن (کینسر کا سبب بننے والا مادہ) قرار دیا تھا۔
ان مصنوعات میں برومی نیٹڈ فلیم ریٹارڈنٹس (BFRs) اور آرگینو فاسفیٹ فلیم ریٹارڈنٹس (OPFRs) بھی شامل کیے جاتے ہیں تاکہ یہ مشینیں آگ سے محفوظ رہیں، لیکن 2024ء کی ایک تحقیق کے مطابق یہ کیمیکل نا صرف کینسر کا خطرہ بڑھاتے ہیں بلکہ دماغی، ہارمون کی خرابی اور بانجھ پن جیسے مسائل بھی پیدا کرتے ہیں۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ زہریلے کیمیکل خواتین کے تولیدی نظام پر منفی اثر ڈال سکتے ہیں، خاص طور پر تھائرائیڈ اور بریسٹ کینسر سے ان کیمیکلز کا گہرا تعلق ہے۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) کے مطابق یہ کیمیکل بچوں کے لیے شدید نقصان دہ ہیں۔ وہ بار بار پلاسٹک کے سامان کو منہ میں ڈالنے یا ہاتھ لگانے کے ذریعے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بلیک پلاسٹک کافی مشین کے بجائے اسٹین لیس اسٹیل یا شیشے سے بنی مشینیں استعمال کریں، BPA-free مشینز کو ترجیح دیں، مشین کو باقاعدگی سے صاف کریں، فلٹر شدہ پانی استعمال کریں تاکہ مٹی اور منرلز جمع نہ ہوں۔