کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں بے لگام گاڑیوں کی ٹکر اور سر پر پول گرنے سے نتیجے میں بچے سمیت 6افراد جاں بحق ہوگئے، لیاری ندی سے نوجوان کی لاش ملی،شہر میں رواں برس ٹریفک حادثات میں 255 افراد جاں بحق ہوئے۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپرہائی وے جمالی پل D7 بس اسٹاپ کے قریب بس کی ٹکر سے ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا متوفی بچے کی شناخت فرحان ولد اسرار کے نام سے ہوئی۔متوفی بچہ اپنی والدہ کے ساتھ تھاکہ بس سے اترنے کے دوران بچہ ماں کی گود سے گرا اور بس کی ٹکر سے جان سے گیا،متوفی بچہ لانڈھی مجید کالونی کا رہائشی تھا۔ بس کا ڈرائیور اورکنڈیکٹر موقع سے فرارہوگئے ۔کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود کورنگی ویٹا چورنگی ایم فور کمپنی کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 37 سالہ محمد عدنان کے نام سے ہوئی جو نجی کمپنی بطور سیکیورٹی افسر تعینات اور آرمی کا سابق اہلکار تھا۔متوفی ملیر کا رہائشی تھا۔موقع پر موجود افراد نے ڈرائیور عالم زیب کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ۔شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی اسٹاپ کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار نواجون جا ںبحق ہوگیا، جس کی کی شناخت 25 سالہ مسو خان ولد عرب خان کے نام سے ہوئی ۔پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور محمد صفدر کو گرفتار کر کے ٹرالر قبضے میں لے لیا ہے ۔پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود لیاری ایکسپریس وے عیسیٰ نگری کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے راہگیر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ،فوری طو رپر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی،متوفی کی عمر 45 سال کے قریب بتائی جاتی ہے ۔حادثے کا ذمہ دار ڈرائیوربھی موقع سے فرارہوگیا۔