راحت فتح علی خان استاد نصرت فتح علی خان کی میراث کو زندہ رکھنے والا نیا ستارہ شاہ زمان کی صورت ابھر کر سامنے آ گیا۔
پاکستانی موسیقی کے اُفق پر نیا روشن ستارہ اُبھرتا دکھائی دے رہا ہے، شاہ زمان اپنے والد عالمی شہرت یافتہ قوال راحت فتح علی خان کے ساتھ لائیو پرفارمنسز کر کے شائقین کے دل جیت رہے ہیں۔
شاہ زمان کو اُن کی بھرپور آواز، بے مثال کلاسیکل گائیکی اور اسٹیج پر قابو رکھنے کی صلاحیت کے باعث تیزی سے مقبولیت حاصل ہو رہی ہے، ان کے اوریجنل ساؤنڈ ٹریک (OST) دلِ نادان، جو معروف ڈرامے بسمل کے لیے ریکارڈ کیا گیا تھا کو شائقین نے بے حد سراہا۔
حالیہ دنوں میں شاہ زمان برطانیہ میں اپنے والد کے ہمراہ کنسرٹس میں پرفارم کر رہے ہیں، جہاں اُن کی گائیکی نے سامعین کو مسحور کر دیا ہے۔
شائقین کا کہنا ہے کہ شاہ زمان کی آواز اور انداز استاد نصرت فتح علی خان کی یاد تازہ کر دیتے ہیں، انہوں نے کنسرٹ میں کِنّا سوہنا تینوں اور یار نہ بچھڑے جیسے لازوال کلام پیش کیے، جو سامعین کے دلوں کو چھو گئے۔
تقریب کے میزبانوں اور آرگنائزرز نے بھی شاہ زمان کی لائیو پرفارمنس کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مستقبل کا روشن ستارہ قرار دیا ہے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر تبصرے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آنکھیں بند کر کے سنو تو لگتا ہے جیسے نصرت فتح علی خان صاحب گا رہے ہوں۔
ایک اور صارف نے لکھا ہے کہ ان کی آواز اور انداز میں نصرت صاحب کی جھلک صاف نظر آتی ہے۔