بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کے بارے میں میڈیا اور سوشل میڈیا پر بہت سی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
کچھ دنوں پہلے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اس فلم میں اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی خصوصی انٹری ہو گی اور وہ شاہ رخ خان کے ساتھ مرکزی کردار کرتی نظر آئیں گی لیکن فلم کے ہدایت کار سدھارتھ آنند نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ اگر دیپیکا پڈوکون اس فلم کا حصّہ نہیں ہیں تو پھر اس فلم میں کونسی اداکارہ شاہ رخ خان کا ساتھ دیتی نظر آئیں گی؟
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس فلم میں بھارت کی پنجابی فلموں کی مشہور اداکارہ و ماڈل سونم باجوہ کو کاسٹ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکارہ ایکشن سے بھرپور اس فلم میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سونم باجوہ کا کردار فلم کی کہانی کو مزید دلچسپ بنائے گا تاہم ان کے کردار کے بارے میں فی الحال اس سے زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان گزشتہ سال سے اس فلم کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق فلم میں ان کی بیٹی سہانا خان اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں تاہم ابھی تک فلم کی کاسٹ یا ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔