• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یورپی رہنماؤں اور برطانیہ کا ٹیرف کی معطلی کا خیر مقدم


یورپی رہنماؤں اور برطانیہ کا ٹیرف کی معطلی کا خیر مقدم

کراچی (رفیق مانگٹ / جنگ نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنے اعلان کردہ ٹیرف پر عالمی رہنماؤں نے مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ، یورپی رہنماؤں اور برطانیہ نے ٹیرف کی معطلی کا خیر مقدم کیاہے تاہم انہوں نے ٹیرف کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کردیا ہے ، آئرلینڈ اور جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے انہیں ریلیف ملے گا ، کینیڈین حکومت کا کہنا ہے کہ وہ ٹیرف کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ سے رابطے میں ہے،جاپان، بھارت اوربنگلہ دیش کے رہنماؤں نے ٹیرف کے خاتمے کا خیر مقدم کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشکےرہنما محمد یونس نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہماری درخواست کا مثبت جواب دیا۔یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لیین نے ٹیرف مہلت کو عالمی معیشت کو مستحکم کرنے کی طرف اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا، ٹیرف کاروبار اور صارفین کو نقصان پہنچاتے ہیں، اس لئے میں صفر فیصد ٹیرف معاہدے کی حمایت کرتی ہوں۔ جرمنی کےمستقبل کے چانسلر فریڈرچ مرز نے کہا کہ ٹرمپ کا فیصلہ یورپیوں کے عزم کا نتیجہ ہے۔ہم سب کے لیے بہتر ہے کہ ٹرانس اٹلانٹک تجارت میں صفر فیصد ٹیرف ہو۔بھارت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 90روزہ ٹیرف معطلی کے فیصلے کے بعد امریکا کے ساتھ جلد از جلد تجارتی معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ آئرلینڈ کے نائب وزیراعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ یہ مہلت آئرلینڈ کے کاروباروں کیلئے ریلیف لائے گی، لیکن مزید وضاحت کی ضرورت ہے۔ ملائیشیا کے وزیر سرمایہ کاری ٹینکو ظفر العزیز نے کہا، ٹرمپ کے ٹیرف کے بارے میں کچھ بھی یقینی نہیں سوائے غیر یقینی صورتحال کے۔ جنوبی کوریا نے کہا کہ ٹیرف معطلی مذاکرات کے لیے سانس لینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس سے قبل 26 فیصد ٹیرف کو 10فیصد تک کم کیا گیا، لیکن آٹو انڈسٹری پر 25 فیصد ٹیرف برقرار ہے۔ تائیوان نے ٹیرف معطلی کو مذاکرات کے لئے موقع قرار دیا۔کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اس فیصلے کے اثرات کو کم کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں۔

اہم خبریں سے مزید