اسلام آباد (ایجنسیاں)کراچی سمیت ملک بھر کیلئے پٹرولیم لیوی کی مد میں بجلی ایک روپے 71پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری ‘سوئی گیس کمپنیوں کی آئندہ مالی سال یکم جولائی سے گیس مہنگی کرنے کی تیاری ‘ اوگرا میں درخواستیں دائر کردیں‘ وفاقی حکومت سے معاہدوں پر نظرثانی کرنے والی مزید گیارہ آئی پی پیز نے ٹیرف میں کمی کے لئے نیپرا سے رجوع کرلیا ۔ گیارہ آئی پی پیز میں گنے کے پھوک سے بجلی پیدا کرنے والی نو کمپنیاں بھی شامل ہیں‘ ٹیرف میں کمی کی درخواست منظور ہونے سے وفاقی حکومت کو238ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے بجلی 1روپے 71پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی حکومتی درخواست منظور کرلی‘نیپرا نے بجلی سستی کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا،بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق اپریل سے جون 2025 کیلئے ہوگا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ بجلی کی قیمت میں کمی کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے صارفین کے لیے ہوگی‘ کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ ادھر سوئی گیس کمپنیوں نے آئندہ مالی سال سے گیس مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔ سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں اوسطاً 735روپے 59پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو اور سوئی سدرن نے سابقہ شارٹ فال سمیت گیس کی قیمت میں2443روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ مانگا ہے۔