اسلام آ باد ( رانا غلام قادر) پاور ڈویزن نے پاورسیکٹر کے گر دشی قرضہ کو کم کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کر لی جس کے نتیجے میں جون تک گردشی قرضہ میں واضح کمی آ جائے گی تیسری سہ ماہی کے نتائج میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے،اعدادوشمار اپریل کے آخر میں متوقع ہے ۔ یہ بات پاورڈویژن کے ترجمان ظفر یاب خان نے نمائندہ جنگ سے گفتگو میں بتائی ۔ انہوں نے کہا ہے کہ گردشی قرضوں کےمنیجمنٹ کا صحیح اندازہ لگانے کے لیے مالی سال کے اختتام پر اس کے بہاؤ کا موازنہ کیا جا سکتا ہے کیونکہ مختلف عوامل کی وجہ سے جن میں جنریشن لاگت میں فرق، ڈیمانڈ اور سپلائی ، ایندھن کی کھپت، سبسڈی ریلیز وغیرہ شامل ہیں، گردشی قرضہ یا تو پاور ڈویژن کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ مقرر کردہ اہداف سے بہت کم لگتا ہے یا کسی خاص مہینے کے لیے اس سے کہیں زیادہ۔ گردشی قرضوں کے بہاؤ کا تجزیہ کرنے کا ایک اور طریقہ یہ ہے کہ اس کی ششماہی حیثیت پر غور کیا جائے جو پورے شعبے میں نافذ کی جانے والی پالیسیوں کی واضح تصویر پیش کرتا ہے۔