قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے طویل عرصے سے ٹیم کی خراب پرفارمنس پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں پاکستان سپر لیگ 10 کی ٹیموں کے کپتانوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر ایک صحافی نے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم سے ٹیم کی خراب کارکردگی سے متعلق کبھی نہ بیان دینے سے متعلق سوال پوچھ لیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک صحافی نے بابر سے سوال کیا کہ آپ ٹیم کی موجودہ حالت کے بارے میں کب بولیں گے؟ کیا آپ صرف اس وقت بات کریں گے جب پوری ٹیم ختم ہو جائے گی اور پاکستان کرکٹ تباہ ہو چکی ہو گی؟
اس سوال کے جواب میں بابر اعظم کی جانب سے دیا گیا جواب سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
صحافی کے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے سختی سے کہا کہ میں جب ضرورت ہو بولتا ہوں، میں میڈیا پلیٹ فارم پر بیٹھ کر ڈکٹیٹ نہیں کروں گا کہ کیا کرنا چاہیے کیا نہیں، جب مجھے کچھ کہنا ہوتا ہے تو میں بند دروازوں کے پیچھے کہہ دیتا ہوں، میں سوشل میڈیا پر آ کر تماشہ نہیں بناؤں گا، یہ میرا کام نہیں ہے۔
جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی صارفین کی جانب سے بابر اعظم کے جواب پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔