بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بارے میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وہ اس سال پہلی بار میٹ گالا میں جلوہ گر ہوں گے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان کے میٹ گالا میں جلوہ گر ہونے کی خبریں انسٹاگرام پر موجود ایک مشہور فیشن پیج ’ڈائیٹ سابیا‘ کی ایک پوسٹ کے منظرِ عام پر آنے کے بعد گردش کرنا شروع ہوئیں۔
اس پوسٹ میں بھارتی اداکار کی اس سال میٹ گالا میں شرکت کی طرف اشارہ کیا گیا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان قیاس آرائیوں نے اس وقت زور پکڑا جب شاہ رخ خان کی منیجر پوجا دادلانی نے نادانستہ طور پر ہائی پروفائل تقریب میں بھارتی اداکار کی ممکنہ شرکت سے متعلق سامنے آنے والی اس پوسٹ کو لائیک کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیشن پیج ’ڈائیٹ سابیا‘ کی جانب سی کی گئی پوسٹ میں لکھا تھا کہ فیشن ایونٹ میں ’2 بڑے ٹائٹنز‘ شرکت کرنے والے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس پوسٹ میں کسی کا نام نہیں لیا گیا لیکن جیسے ہی پوسٹ سامنے آئی تو سوشل میڈیا صارفین نے یہ قیاس آرائیاں کرنا شروع کر دیں کہ شاہ رخ خان میٹ گالا میں مشہور بھارتی ڈیزائنر سابیا ساچی کا ڈیزائن کیا ہوا سوٹ پہن کر ڈیبیو دیں گے۔