• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران اور امریکا کے درمیان عمان میں بالواسطہ جوہری مذاکرات شروع

فوٹو: عرب میڈیا
فوٹو: عرب میڈیا

ایران اور امریکا کے درمیان عمان میں ڈھائی گھنٹے تک جوہری مذاکرات ہوئے، ایران امریکا مذاکرات کا دوسرا دور اگلے ہفتے کو ہوگا۔

 ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اس ابتدائی بات چیت کو تعمیری اور مثبت قرار دیا۔

عباس عراقچی کے مطابق اگلی ملاقات میں آج کی بات چیت میں پڑی بنیاد کو حتمی شکل دے دی گئی تو ہم کافی حد تک آگے بڑھ جائیں گے۔ 

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق آج کے عمان میں ہوئے بالواسطہ مذاکرات میں ایران اور امریکا کے مندوبین الگ الگ کمروں میں بیٹھے، بات چیت عمان کے وزیر خارجہ کے توسط سے ہوئی، تاہم بات چیت کے اختتام سے پہلے عمانی وزیر خارجہ کی موجودگی میں ایرانی اور امریکی وفود کی مختصر بات چیت بھی ہوئی۔

عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران امریکا مذاکرات کا پہلا دور دوستانہ ماحول میں ہوا۔ علاقائی، عالمی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مزید کوششیں جاری رکھیں گے۔

 ایرانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ عباس عراقچی کر رہے ہیں جبکہ امریکی وفد کی سربراہی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے سپرد ہے۔

اس سے قبل عمان کے حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام پر کنٹرول کے بدلے امریکی پابندیوں میں نرمی، قیدیوں کے تبادلے اور علاقائی کشیدگی میں کمی پر بات ہوگی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ ایران امریکا بات چیت علاقائی کشیدگی میں کمی کروانے پر مرکوز ہوگی، قیدیوں کا تبادلہ بھی بات چیت میں شامل ہے، ایرانی جوہری پروگرام پر کنٹرول کے بدلے امریکی پابندیوں میں نرمی پر بات چیت جاری ہے۔

جوہری مذاکرات سے چند گھنٹے قبل ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سرکاری ٹی وی پر ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہماری نیت مساوی بنیاد پر منصفانہ، باعزت معاہدے تک پہنچنا ہے، دوسرا فریق بھی اسی نیت سے آئے، تو ابتدائی مفاہمت ممکن ہے جو مذاکرات کی راہ ہموار کرے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مسقط میں عمانی ہم منصب سے ملاقات کی، جس میں 
تہران اور مسقط کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو سراہا، عباس عراقچی نے خطے کے مسائل پر مسقط کے ذمہ دارانہ کردار کی تعریف کی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید