• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہسپتالوں کی نجکاری ‘ پنجاب حکومت کا فیصلہ عوامی مفاد کیخلاف‘ وائی ڈی اے

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان نے پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف وائی ڈی اے پنجاب کی احتجاجی تحریک کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری غریب عوام کے لئے صحت کی سہولیات تک رسائی کو مزید مشکل بنا دے گی، جس سے پنجاب کے محنت کش طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وائی ڈی اے بلوچستان اس فیصلے کو عوامی مفاد کے خلاف قرار دیتی ہے اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس پالیسی کو فوری طور پر واپس لے۔ اگر پنجاب میں نجکاری کا یہ عمل نہیں رکا تو پورے ملک بشمول بلوچستان کے لئے خطرناک مثال ثابت ہوگا۔ ترجمان نے کہا کہ بلوچستان میں ڈاکٹروں کو درپیش مسائل سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں، حکومت بلوچستان کے سامنے جن مسائل کی نشاندہی اور مطالبات رکھے تھے ان پر عملی اقدامات پایہ تکمیل تک نہ پہنچے تو بلوچستان میں ڈاکٹروں کو درپیش روزگار کے سنگین مسائل کے حل کیلئے سڑکوں کا رخ کریں گے، ایسے حالات میں اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کے ڈاکٹروں کو درپیش مسائل ، سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری سمیت ہسپتالوں میں سہولیات کی عدم دستیابی پر ملک بھر کے ڈاکٹروں کی آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے، انہی مسائل پر ملک بھر کی سیاسی جماعتوں اور محکمہ صحت کی دیگر تنظیموں سے رابطہ کیا جائے اور ایک مشترکہ لائحہ عمل مرتبہ کرکے تحریک کا آغاز کیا جائے، اس سلسلے میں جلد پاکستان کی لیڈر شپ سے رابطہ کیا جائے گا۔
کوئٹہ سے مزید