کوئٹہ(پ ر)بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت میں شامل وزراء اور ارکان اسمبلی عوام کی خدمت کی بجائے کرپشن میں ملوث ہیں ، ایک سال کے دوران صوبے میں کوئی کام نہیں ہوا بعض افراد ذاتی مفادات کے لئے وزیراعلیٰ اور حکومت کی تعریف میں مصروف ہیں ۔ ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان کا دارالحکومت ہونے کے باوجود بنیادی سہولیات سے محروم ہے کوئٹہ کے عوام صحت ، تعلیم ، پینے کے صاف پانی سمیت سہولیات سے محروم ہیں ، کوئٹہ کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ادویات دستیاب نہیں حکومتی دعوے صرف اخبارات تک محدود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ اس وقت کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے ، وزیراعلیٰ ، وزراء اور ارکان اسمبلی ذاتی مفادات کے حصول میں لگے ہوئے ہیں انہیں عوام سے کوئی سروکار نہیں ، صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود پارٹی کے جیالے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں جس سے پارٹی کارکنوں میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے اگر یہی صورتحال برقرار رکھی ہے تو عنقریب بلوچستان میں پیپلز پارٹی کا نام لینے والا کوئی نہیں ہوگا۔