ٹنڈو جام (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے دریائے سندھ سے چولستان منصوبے کے لئے نہری نکالنے کے مجوزہ منصوبے کو یکسرمسترد کرتے ہوئے کہا کہ متنازع کینال منصوبے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی محترمہ فریال تالپور نے کہا کہ18اپریل کو حیدرآباد میں جلسہ کینالز کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا۔
سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نےکہا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کراچی کو پانی ملے ۔
پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر اور رکن قومی اسمبلی محترمہ فریال تالپور نے راول ہاؤس راہوکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے عوام چھ کینال منصوبے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، یہ منصوبہ سندھ کی زمین، فصلوں اور پانی کے حق پر ڈاکہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ 18 اپریل کو حیدرآباد میں تاریخی عوامی اجتماع ہوگا جہاں سندھ بھر سے عوام اپنی زمین اور پانی کے تحفظ کے لیے جمع ہوں گے۔ فریال تالپور نے کہا کہ ہم نے شہداء کے جنازے اٹھائے ہیں، قربانیاں دی ہیں اور آخری دم تک لڑیں گے۔
صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارلیمنٹ میں اور عوامی سطح پر اس متنازعہ منصوبے کی مخالفت کی ہے، یہ مسئلہ صرف سندھ کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ وفاق کی علامت بن کر کہا کہ پیپلز پارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے کہ سندھ کے کھیتوں کو پانی نہ ملے اور کراچی کے عوام پیاسے رہیں۔
جلسے سے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ فریال تالپور کی آمد پر جیالے ان کے شکر گزار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کینال کا مسئلہ صرف کاشت کا نہیں بلکہ سندھ کے سات کروڑ عوام کے جینے مرنے کا سوال ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیہی سندھ کا واحد ذریعہ معاش زراعت ہے، اگر پانی نہ ملا تو عوام فاقہ کشی پر مجبور ہو جائیں گے۔ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی متنازعہ کینال کی تعمیر کسی صورت نہیں ہونے دے گی۔