بالی ووڈ کے معروف اداکار اکشے کمار کی ساتھی اداکارہ شانتی پریا نے اپنا سر منڈوا لیا۔
اکشے کمار اور شانتی پریا نے اپنی ڈیبیو فلم ’سوگندھ‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
شانتی پریا اب حال ہی میں اپنا سر منڈوانے کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہیں۔
اُنہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی کچھ نئی تصاویر شیئر کی ہیں جن میں وہ گنجے سر اپنے آنجہانی شوہر سدھارتھ رے کا خاکی رنگ کا کوٹ پہنے نظر آ رہی ہیں جن کا 2004ء میں انتقال ہو گیا تھا۔
اداکارہ نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ میں نے حال ہی میں اپنے بال منڈوائے ہیں اور یہ تجربہ میرے لیے بامعنی رہا۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ بطور خواتین، ہم اکثر زندگی میں خود پر پابندیاں لگا لیتی ہیں اور اپنے لیے بنائے ہوئے معاشرے کے قوانین پر عمل کرتے ہوئے خود کو ایک پنجرے میں بند کر لیتی ہیں۔
شانتی پریا نے لکھا کہ اپنا سر منڈوا کر میں نے خود کو آزاد کر لیا ہے کیونکہ میں دنیا کے عورت کے لیے بنائے ہوئے خوبصورتی کے معیار کو بدلنا چاہتی ہوں اور میں یہ کوشش بہت ہمت اور عزم کے ساتھ کر رہی ہوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ کو آخری بار رواں برس7 فروری کو ریلیز ہونے والی تامل فلم ’بیڈ گرل‘ میں دیکھا گیا تھا۔