• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپنی رکنِ پارلیمنٹ کو ہانگ کانگ میں داخلے سے روکنے پر برطانوی حکومت کا اظہارِ تشویش

فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا
فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

برطانیہ کی حکومت نے لبرل ڈیموکریٹ رکن پارلیمنٹ ویرا ہوب ہاؤس کے خاندانی دورے کے دوران ہانگ کانگ میں داخلے سے انکار پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ویرا ہوب ہاؤس ہانگ کانگ میں پہلی بار اپنے 3 ماہ کے پوتے سے ملنے کا ارادہ رکھتی تھیں۔

65 سال ویرا ہوب ہاؤس نے بتایا کہ مجھے جمعرات کو ہانگ کانگ کے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر پہنچتے ہی حراست میں لے لیا گیا اور داخلے سے انکار کے بارے میں مطلع کیا گیا پھر 5 گھنٹے بعد واپس برطانیہ جانے والی پرواز میں بٹھا دیا گیا۔

اُنہوں نے بتایا کہ میرا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا تھا اور مجھ سے میرے پیشے اور دورۂ ہانگ کانگ کے مقصد کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی، میرے سامان کی تلاشی لی گئی اور اس کے بعد مجھے 4 امیگریشن افسران نے بورڈنگ گیٹ تک پہنچایا۔

ویرا ہوب ہاؤس نے بتایا ہے کہ میرا بیٹا ٹرمینل میں میری آمد کا انتظار کر رہا تھا جو کہ 2019ء سے ہانگ کانگ میں مقیم ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میرے شوہر ولیم کو داخلے کی اجازت دے دی گئی لیکن اُنہوں نے میری وجہ سے برطانیہ واپس جانے کا فیصلہ کیا۔

لبرل ڈیموکریٹ رہنما ای ڈی ڈیوی نے سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی پر زور دیا ہے کہ وہ ویرا ہوب ہاؤس کے ساتھ اس صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے ایک ہنگامی میٹنگ بلائیں اور ساتھ ہی چینی سفیر کو طلب کرکے برطانوی رکنِ پارلیمنٹ اور ان کی فیملی کے ساتھ ہونے والے افسوس ناک سلوک کے بارے میں وضاحت مانگیں۔

بزنس سیکریٹری جوناتھن رینالڈس نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس صورتِ حال پر بہت زیادہ فکر مند ہے اور اس واقعے کا تفصیلی جائزہ لینا چاہتی ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ ویرا ہوب ہاؤس کو برطانوی رکن پارلیمنٹ کے طور پر ان کی حیثیت کی وجہ سے داخلے سے منع کیا گیا تو ایسی صورتِ حال کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھا جائے گا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید