کراچی( اے ایف پی ،نیوزڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ رواں ہفتے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کے لیے اتحادی ملک روس کا دورہ کریں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ پیش رفت روم میں شیڈول ایران کے جوہری پروگرام پر تہران۔امریکا بات چیت سے قبل سامنے آئی ہے۔واضح رہے کہ 12 اپریل کو عباس عراقچی نے عمان میں مشرق وسطیٰ کے امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف کے ساتھ بات چیت کی تھی، جو 2015 کے جوہری معاہدے کے خاتمے کے بعد سے اعلیٰ ترین سطح کے مذاکرات تھے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک خط بھیجا تھا، جس میں جوہری مذاکرات کا مطالبہ کیا گیا تھا اور تہران کے انکار کرنے کی صورت میں ممکنہ فوجی کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔