لکسمبرگ (اے ایف پی) ڈچ وزیر خارجہ اور ایک دوسرے سفارتی ذریعے نے گزشتہ روز بتایا کہ تہران کے جوہری پروگرام پر امریکہ اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا اگلا دور روم میں منعقد ہوگا ۔ڈچ وزیر خارجہ کیسپر ویلڈکیمپ نے یورپی یونین کے اجلاس میں کہا کہ یہ مذاکرات اطالوی دارالحکومت میں ہوں گے۔ روم میں مقیم دو سفارت کاروں نے اس مقام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ مذاکرات ہفتہ 19 اپریل کو ہوں گے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور مشرق وسطیٰ کے امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف نے ہفتے کو عمان میں بات چیت کا پہلا دور کیا، جو کہ 2015 کے معاہدے کے خاتمے کے بعد سے ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے اعلیٰ ترین سطح کے جوہری مذاکرات ہیں۔