کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ضلع زیارت اور سنجاوی کے قبائلی و سیاسی رہنماوں سرور پانیزئی ، عادل کاکڑ اور جمال کاکڑ نے یونین کونسل سارو ، کلی احمدون اور گوگئی کے حوالے سے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں لگائے جانے والے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی نور محمد دمڑ کی کارکردگی سے خائف عناصر کو علاقہ کی تعمیر و ترقی ہضم نہیں ہورہی جس کی وجہ سے وہ بے بنیاد الزامات لگاکر علاقہ کو پسماندگی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں ،یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 سال سے حلقہ پی بی 7 پر مسلط سیاسی ٹولہ زیارت سنجاوی اور ہرنائی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر تعلیم ، صحت ، زراعت ، آبپاشی سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹ بنا رہا۔ صوبائی وزیر خوراک حاجی نور محمد دمڑ جب سے حلقے سے منتخب ہوئے ہیں تب سے حلقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مل رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر نے گزشتہ روز یونین کونسل سارو کلی احمدون اور گوگی کے حوالے سے من گھڑت الزامات لگائے ، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جن ٹیوب ویلوں کا زکر کیا گیا کہ کاغذوں میں مکمل اور زمین پر کچھ نہیں یہ حقائق کے برعکس اور بے بنیاد الزام ہے ، مذکورہ علاقوں میں تمام منصوبے مکمل اور لوگ ان سے مستفید ہورہے ہیں ۔ سرمخسی ، کلی تنگیان احمدون ، کلی گوگی احمدون ، کلی چونگی بالا احمدون ، چونگی زیریں احمدون ، کلی پانیزئی احمدون ، کلی ملک نعمت اللہ ، سیدان احمدون کے علاقوں میں 8 سولر بور ایک ، ایک کروڑ کی لاگت سے مکمل ہیں ۔ یونین کونسل سارو میں 6 پرائمری اسکول اور ایک مڈل سکول قائم کیا گیا ہے ۔ پرائمری سکول کلی ننگیان، پرائمری سکول کلی رودگئی، پرائمری سکول بالاگوگئی، سرکیان کلی احمدون پرائمری سکول، کلی زرین چونگی، کلی احمدون پرائمری سکول کلی خاگی احمدون، پرائمری سکول کلی شین کچھ گوئی، مڈل سکول پتاؤ احمدون 2 کروڑ کی لاگت سے بنائے گئے ہیں ۔ گٹکی احمدون میں 8 کروڑ اور کلی سرمخسی میں 3کروڑ کی لاگت سے ڈیموں کا کام مکمل کیا گیا ہے ۔ تنگیان کاریز پر بھی کام شروع ہے جو 5 کروڑ کی لاگت سے جلد مکمل ہوگا ۔ کلی سرمخسی ، تنگی ، کلی اغبرگ احمدون میں بی ایچ یوز ایک ایک کروڑ کی لاگت سے مکمل کیے گئے ہیں ۔ بجلی کی ترسیل ، پروٹیکیشن وال کی تعمیر ، سڑکیں ، تالاب ، پائپ لائن ، گراؤنڈ کی تعمیر ، ٹرانسفارمر اور سولر کی فراہمی سمیت روزگار کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں جس سے علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حاجی نور محمد دمڑ ترقیاتی کاموں میں میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں ۔