کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پارٹی میں ایک علیمہ گروپ ہے دوسرا بشریٰ بی بی گروپ ہے اب پتہ نہیں کون کس کی ملاقاتیں روک رہا ہے،جبکہ علی امین، شیر افضل، جنید اکبر کے گروپس اس کے علاوہ ہیں ۔آرمی چیف نے دہشت گردوں کو واضح پیغام دیا ہے کشمیر کے ایشو پر بھی بات کی ہے اور نو مئی کے حوالے سے بھی کلیئرٹی آگئی ہے کہ اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔ ،نمائندہ جیو نیوز شبیر ڈار نے کہا کہ ملاقاتوں کے معاملے میں جو ساری کنفیوژن ہے اس میں عمران خان کا بھی ہاتھ ہے۔مجموعی طور پر ملاقاتوں کے سلسلے میں رکاوٹوں کا سلسلہ جاری ہے، میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے پر حکومت تنقید کی زد میں ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ اتنی ملاقاتیں پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئیں جتنی ان کی ہو رہی ہیں میں سمجھتا ہوں ملاقاتوں کے معاملے میں جو یہ سب ہو رہا ہے یہ سب سیاسی اسٹنٹ ہے۔عمران خان کو جو سہولتیں میسر ہیں وہ کسی قیدی کو میسر نہیں ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ جیل میں نہیں ہیں بلکہ چھٹیاں گزار رہے ہیں۔ ہفتے میں چار چار ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔