• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹر میڈیٹ کے امتحانات ، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کی زیر صدارت اجلاس، وزیر تعلیم کی آن لائن شرکت

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری کالجز ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن صالح محمد بلوچ کی زیر صدارت بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے آن لائن شرکت کی، جبکہ سیکرٹری بلوچستان بورڈ آفس محمد عظیم ساجدی، کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ ، ڈپٹی سیکرٹری بلوچستان بورڈ شمس اللہ خان و دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ اجلاس میں کنٹرولر امتحانات نے اجلاس کو ایف اے ‘ ایف ایس سی امتحانات کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے امتحانات کے لیے کی گئی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں محکمہ کالجز ٹیکنیکل و ہائیر ایجوکیشن اور بلوچستان بورڈ آفس کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مردانہ امتحانی مراکز میں سو فیصد ڈیوٹیوں کی تکمیل آج ہی مکمل کی جائے، جس کے تحت سپرنٹنڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ کی ذمہ داریاں موزوں اساتذہ کو سونپی جائیں گی۔ خواتین کی امتحانی مراکز میں بھی ترجیحی بنیادوں پر خواتین عملہ تعینات کیا جائے گا، تاہم بعض اضلاع میں شام کے اوقات میں خواتین عملے کی دستیابی میں مشکلات کے پیش نظر، اگر ضروری ہو تو مرد عملہ 15 اپریل تک تعینات کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ امیدواروں کو رول نمبر سلپس جاری کر دی گئی ہیں اگر جن کو نہیں ملا ہے ان کو ترسیل کر دیا جائے۔ اجلاس نے فیصلہ کیا کہ اگر کسی امیدوار کو مرکز کی تبدیلی درکار ہو تو وہ موجودہ ضوابط کے مطابق مقررہ تاریخ یعنی 18 اپریل تک اس عمل کو مکمل کرے، اور فیس صرف یو بی ایل بینک کے ذریعے جمع کروائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کالج پرنسپلز کو امتحانی مراکز کی نگرانی کے لیے انسپکٹر کے طور پر نامزد کیا جائے گا، جو روزانہ کی بنیاد پر معائنہ کر کے انتظامیہ کو رپورٹ دیں گے۔ مزید برآں، امتحانات کی شفاف نگرانی کے لیے انتظامی محکمہ اور بی بی آئی ایس ای کی سطح پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جائے گی، جس میں ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈپٹی سیکرٹریز اور سیکشن آفیسرز کو صوبے کے تمام ڈویژنوں میں مانیٹرنگ کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ امتحانات کے دوران نقل کی روک تھام کے لیے بی بی آئی ایس ای کی جانب سے ڈیلی اٹینڈنس مانیٹرنگ سسٹم تک رسائی فراہم کی جائے گی ۔
کوئٹہ سے مزید