کوئٹہ (خ ن) صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان کی زیر صدارت پبلک ریلیشنز آفیسرز (پی آر اوز) کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں محکمے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز محمد نور کھیتران، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید احمد شاہوانی سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام پبلک ریلیشنز افسران نے گزشتہ اجلاس میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور انکی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تشہیر کرنے سے اور دیگر امور سے متعلق سیکرٹری اطلاعات کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اپنے محکموں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو عوام تک پہنچانے کے لیے کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور دیگر جدید عصری اطلاعاتی ذرائع کا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پبلک ریلیشنز آفیسرز کو ان جدید ٹولز اور ٹیکنالوجیز سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے تاکہ حکومتی پیغام کو زیادہ مؤثر اور وسیع تر انداز میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے تمام پبلک ریلیشنز افسران کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا، تاہم انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنے کام میں مزید جدت لائیں اور تخلیقی انداز اپنائیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پی آر اوز کا کردار حکومت اور عوام کے درمیان پل کا ہے، لہٰذا ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے مثبت اقدامات اور عوامی مفاد میں کیے جانے والے فیصلوں کی بروقت اور درست ترجمانی کو یقینی بنائیں۔ سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ کی قیادت میں، عوامی مفاد کو اولین ترجیح دیتے ہوئے بہترین اقدامات کر رہی ہے اور عوام کی خدمت کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے پی آر اوز کو ہدایت کی کہ وہ ان حکومتی کامیابیوں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں تاکہ عوام ان سے مکمل طور پر آگاہ رہیں اور حکومتی کوششوں کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔