پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ صبا فیصل نے کامیاب و خوشگوار شادی شدہ زندگی کے لیے اہم نصیحت دے دی۔
سوشل میڈیا پر متحریک رہنے والی اداکارہ نے حال ہی میں اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ شادی شدہ زندگی سے متعلق مشورہ دیتی نظر آئیں۔
شادی شدہ زندگی و ازدواجی معاملات پر کھل کر بات کرنے کے حوالے سے شہرت رکھنے والی صبا فیصل حالیہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایک بار پھر خبروں کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔
صبا فیصل نے ٹک ٹاک ویڈیو میں کہا کہ ’جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں، میری شادی میرے ماموں کے بیٹے سے ہوئی۔ میرے ماموں اور میری والدہ کے درمیان ایک خوبصورت رشتہ تھا، مگر میری شادی کے بعد یہ خدشہ تھا کہ کہیں اس نئے رشتے کی وجہ سے ان کے تعلقات متاثر نہ ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خدشات کے برعکس، میری شادی کے بعد ان کا رشتہ مزید مضبوط ہو گیا اور وقت کے ساتھ ساتھ وہ ایک دوسرے کے اور قریب آ گئے۔ میرے ماموں کی وفات تک میری والدہ اپنے بھائی سے بےحد محبت کرتی رہیں۔‘
سینئر اداکارہ کے مطابق نئے رشتے بناتے وقت یہی مقصد ہونا چاہیے کہ پرانے رشتے متاثر نہ ہوں بلکہ خاندان مزید قریب آئیں اور لوگوں کے درمیان محبت بڑھے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہن بھائیوں کا رشتہ قیمتی ہوتا ہے اور نئے رشتوں کا اس میں اضافہ کرنا چاہیے۔ یہ واقعی دانائی سے بھرپور باتیں ہیں۔
صبا فیصل کی اس نصیحت پر عوامی سطح پر ملا جلا ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ بعض خواتین صارفین مشترکہ خاندانی نظام میں شادی کے اپنے تجربات شیئر کر رہی ہیں جبکہ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ صبا فیصل کو اپنے ذاتی تجربات کے بجائے آج کے دور کے حالات کو بھی مدِنظر رکھنا چاہیے۔